1
Thursday 13 May 2021 18:17

قدس شریف پر اہل غزہ کی میزائل شیلڈ

قدس شریف پر اہل غزہ کی میزائل شیلڈ
تحریر: علی احمدی
 
غزہ میں فلسطینی مجاہدین گروہوں نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب کی یکہ تازیوں کا زمانہ گزر چکا ہے۔ انہوں نے صہیونی حکام کو خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ پر اسرائیلی جارحیت نہ روکی گئی تو اسلامی مزاحمت کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے بدستور جاری رہیں گے۔ قدس شریف میں صہیونی حکام کے مجرمانہ اقدامات کے بعد اسلامی مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل کو میزائل حملوں سے نشانہ بنایا اور یوں خوف اور وحشت کا توازن برقرار کیا۔ اسلامی مزاحمت کے اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ صہیونی رژیم کی جانب سے قدس شریف میں انجام پانے والا ہر ظالمانہ اقدام اسلامی مزاحمت کی جانب سے منہ توڑ جواب سے روبرو ہو گا۔ تل ابیب اس وقت ایک دوراہے پر کھڑا ہے اور یہ فیصلہ نہیں کر پا رہا ہے اسلامی مزاحمتی گروہوں سے جنگ جاری رکھے یا روک دے۔
 
اسرائیل کے ایک میڈیکل سنٹر "برزیلای" کے ترجمان کا کہنا ہے: "اس وقت تک عسقلان بستی میں 31 اسرائیلی زخمی ہو چکے ہیں۔" غزہ سے انجام پانے والے میزائل حملوں میں اس قدر زخمیوں کی تعداد ماضی کی نسبت غیر معمولی ہے۔ صہیونی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ ایک دن میں اسلامی مزاحمت کی جانب سے تقریباً 250 راکٹ اور میزائل اسرائیل پر فائر کئے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف فلسطینی ذرائع نے خبر دی ہے کہ غاصب صہیونی رژیم پر پھینکے گئے میزائلوں کی تعداد 360 ہے۔ 2014ء میں غزہ پر غاصب صہیونی رژیم کی فوجی جارحیت کے دوران 51 دنوں میں تقریبا 4500 راکٹ اور میزائل پھینکے گئے تھے یعنی روزانہ تقریباً 90 میزائل۔ روزانہ کی بنیاد پر اس بار اسلامی مزاحمت کی جانب سے فائر کئے جانے والے میزائل کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
 
فلسطین میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس کے ملٹری ونگ "القسام بریگیڈز" نے منگل 11 مئی کے دن اعلان کیا کہ اگر غاصب صہیونی رژیم غزہ کے شہریوں پر فضائی حملے جاری رکھتی ہے تو ہم عسقلان کو جہنم میں تبدیل کر دیں گے۔ المیادین نیوز چینل کے مطابق حماس کے فوجی رہنماوں نے کہا: "ہم نے پہلی بار مقبوضہ بیت المقدس میں غاصب صہیونی رژیم کے ٹھکانوں اور مراکز کو 20 A میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔" غزہ میں تمام مزاحمتی گروہوں نے ایک مشترکہ ہیڈکوارٹر تشکیل دیا ہے۔ اس ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری کردہ بیانیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو اپنے احمقانہ اقدامات کا حساب چکانا ہو گا اور قدس شریف پر یکہ تازیوں کا وقت گزر چکا ہے۔ اسلامی مزاحمتی گروہوں کے اس مشترکہ بیانیے میں ہر حال میں اور ہر قیمت پر ملت فلسطین کی بھرپور حمایت اور مدد کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
 
گذشتہ چند ہفتوں کے دوران غاصب صہیونی رژیم نے بیت المقدس میں اپنے ظالمانہ اقدامات کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ مسئلہ فلسطین کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ غاصب صہیونی رژیم کی جانب سے قدس شریف میں ظالمانہ اقدامات کا جواب غزہ کی پٹی سے اسلامی مزاحمتی گروہوں کی جانب سے دیا گیا ہے۔ یہ فلسطین کی تاریخ میں ایک انتہائی اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ ماضی میں جب بھی غاصب صہیونی رژیم بیت المقدس یا مقبوضہ فلسطین کے کسی اور علاقے میں ظلم و ستم کرتی تھی تو وہیں کے مقامی افراد مزاحمت کا اظہار کرتے اور انتفاضہ تشکیل پاتا تھا۔ لیکن اس بار جو اہم اور بنیادی فرق دیکھا جا رہا ہے وہ قدس شریف میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں غزہ سے اسلامی مزاحمتی گروہوں کا فوجی اقدام ہے۔
 
غزہ سے سینکڑوں کی تعداد میں راکٹ اور میزائل مقبوضہ فلسطین میں غاصب صہیونی رژیم کے ٹھکانوں پر داغے جانا، غاصب صہیونی حکام کی جانب فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی طاقت کا اعتراف کئے جانے کا باعث بنا ہے۔ المنار نیوز چینل کے مطابق ایک اعلی سطحی صہیونی سکیورٹی عہدیدار نے منگل 11 مئی کے دن اس حقیقت کا اعتراف کیا کہ اسرائیل کا فضائی دفاعی نظام صرف چند محدود تعداد میں ہی فلسطینی میزائلوں کو روک پایا ہے جبکہ باقی میزائل اور راکٹ زمین پر مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس نے کہا کہ 250 راکٹ زمین پر لگے ہیں اور اس سے حماس کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کا اظہار ہوتا ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی پارلیمنٹ کینسٹ کے اراکین بھی اسلامی مزاحمت کی فوجی صلاحیتوں سے شدید خوفزدہ ہوئے ہیں۔
 
غاصب صہیونی رژیم کی کابینہ نے غزہ پر فوجی حملوں میں مزید وسعت لانے کا بل منظور کر لیا ہے اور گذشتہ روز سہ پہر کے وقت غزہ پر مزید حملے انجام پائے ہیں۔ دوسری طرف حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ ہم نے پانچ منٹ میں 137 راکٹ مقبوضہ فلسطین میں یہودی بستیوں اشدود اور عسقلان کی جانب فائر کئے ہیں۔ یہ حالیہ جھڑپوں کے دوران شدید ترین حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی طرح اسرائیلی جنگی طیاروں نے بھی کچھ منٹ میں ہی 14 مرتبہ غزہ کے مختلف حصوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ الجزیرہ نیوز چینل نے خبر دی ہے کہ غاصب صہیونی رژیم نے غزہ کی سرحد کے قریب توپیں اور ٹینک لانا شروع کر دیے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 932396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش