0
Sunday 21 Aug 2011 02:25

امیرالمومنین حضرت علی ع کا ہمہ جہت نظام حکومت

امیرالمومنین حضرت علی ع کا ہمہ جہت نظام حکومت
(21 رمضان المبارک یوم شہادت امیرالمومنین علی ابن ابی طالب ع کی مناسبت سے)
 
تحریر:علامہ سید ساجد علی نقوی
جب ہم امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب ع کی شہادت کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ لوگوں کو امیر المومنین ع کی ذات اور جسم سے دشمنی نہیں تھی بلکہ ان کی فکر اور اصلاحات سے عداوت تھی جو کہ علی ابن ابی طالب ع نے سیاسی، معاشی اور معاشرتی میدانوں میں کی تھیں۔ لہذا کہا جا سکتا ہے کہ امیرالمومنین ع کی شہادت ایک شخص یا فرد کی نہیں
ایک سوچ، فکر اور نظریے کی شہادت ہے۔
آج ہم اگر عادلانہ نظام کی بات کرتے ہیں تو ہمارے سامنے حضرت علی ع کی عادلانہ حکومت کے بےشمار نمونے موجود ہیں۔ امامت کے لئے منصوب ہونے کے باوجود آپ ع نے حکمرانی عوام کے بےپناہ اصرار پر قبول فرمائی۔ عوام کا اصرار آپ ع کی بےپناہ عوامی مقبولیت اور عوامی اعتماد کی دلیل ہے اور یہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔ وہ ایک ہی وقت میں الہی اور جمہوری عہدے کا حامل ہونے کی وجہ سے اپنا منفرد اور ممتاز مقام رکھتے تھے۔ لیکن عاجزی کا ایک انداز ان کے اپنے فرمان میں ہے کہ ''میں امیر المومنین کہلانے کا حق دار نہیں بن سکتا جب تک میں عوام کے دکھ درد میں برابر کا شریک نہ بن سکوں، یہی وجہ ہے کہ برسر اقتدار آنے کے بعد انہوں نے کوئی امتیازی رویہ نہیں اپنایا اور کسی قسم کی مراعات کی رسم نہیں ڈالی بلکہ میرٹ اور شفافیت کے رہنما اصول پیش کئے۔ علوی سیاست کا یہ امتیاز رہا ہے کہ امیر المومنین ع نے حکومت کا حصول کبھی ہدف نہیں سمجھا بلکہ اپنے اصلی اور اعلٰی ہدف تک پہنچنے کا ذریعہ قرار دیا۔ اس حوالے سے آپ کا ایک معروف قول ہے کہ ''میرے نزدیک حکومت ایک پھٹے پرانے جوتے سے بھی کم تر حیثیت رکھتی ہے مگر اس صورت میں جب اس کے ذریعے کسی حق کو قائم کرسکوں اور کسی باطل کا خاتمہ کر سکوں۔'' ذاتی نوعیت کے مسائل پر گفتگو کے لئے بیت المال کے چراغ کو ہٹا کر حضرت کا اپنے گھر سے چراغ منگوانا، حکمرانوں کے لئے ایک روشن مثال ہے کہ ذاتی ضروریات پر قومی امانت کو صرف کرنا جائز نہیں ہے۔ یہ فرامین
حکمرانوں کے لئے روشن مثالیں ہیں کہ وہ گڈ گورننس قائم کرتے وقت کس طرح اپنی ذات پر قوم کو ترجیح دیتے ہیں اور انصاف کا قیام کسی مصلحت کے بغیر کرتے ہیں۔
 اسی طرح حضرت علی ع کی طرف سے مالک اشتر کو گڈگورننس کے حوالے سے ارسال کردہ ہدایات آج کے دور کے حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ آپ ع نے اپنی حکمرانی میں عدل کے قیام کی بھرپور کوشش کی، اس کا ثبوت یہ ہے کہ قومی خزانے سے ہر شخص کو مساوی مواقع فراہم کرنے کا اصول سختی سے متعارف کرایا۔ لوٹی ہوئی قومی دولت کو ہر صورت میں واپس کرنے کے
احتسابی عمل کی بنیاد رکھی۔ قومی خزانے اور بیت المال کو اس انداز میں صرف کیا کہ ہر شخص بلاامتیاز اس سے استفادہ کر سکے۔ انہوں نے کسی کو لوٹ مار کرنے اور بدعنوانی کی اجازت نہ دی۔ اس سلسلہ میں آپ کا مشہور فرمان ہے کہ ''اگر مجھے پتہ چل جائے کہ لوٹی ہوئی قومی دولت کئی ہاتھوں تک منتقل ہو چکی ہے تو اس کو تب بھی واپس قومی خزانے میں پلٹا دوں گا۔
 امیرالمومنین ع نے بیت المال سے اپنے بھائی کو حصہ دینے کے بعد اپنے بھتیجوں کے خشک چہروں کو دیکھنے کے باوجود بقیہ مال قومی خانے میں پلٹا کر اقرباء پروری کو پاؤں تلے روندنے کی اعلٰی مثال قائم کی۔ آئین و قانون کی پابندی نہ کرنے والے عمال حکومت کو برطرف کرنا اس بات کی روشن دلیل ہے کہ آپ کو اپنے اقتدار کو مستحکم کرنے اور طول دینے کی فکر نہ تھی بلکہ آئین و
قانون کی بالادستی آپ کا مطمع نظر تھا۔
امیر المومنین ع کی ذات مجموعہ کمالات تھی۔ ان کی فضیلت اور خصوصیات پر قرآنی آیات اور احادیث پیغمبر گرامی ص اتنی زیادہ ہیں کہ ان کا احاطہ نہیں کیا جاسکتا۔ قرآنی تعلیمات اور سنت رسول ص کی عملی تعبیر کا مشاہدہ آپ ع کی سیرت عالیہ میں کیا جاسکتا ہے۔ آپ ع انسانی اخلاق اور فضائل و کمالات میں انسان کامل تھے۔ لہذا ان کی زندگی کا ہر پہلو کمال کے متلاشی انسانوں کے لئے چراغ راہ ہے۔ چنانچہ قرآن اور سنت پر ایمان رکھنے والوں کو یہ دونوں چیزیں سیرت علی ع میں تلاش کرنی چاہیں کیونکہ پیغمبر گرامی ص اپنے اس فرمان میں فیصلہ فرما چکے ہیں کہ ''علی ع قرآن کے ساتھ ہیں اور قرآن علی ع کے ساتھ ہے۔ علی ع حق کے ساتھ ہے اور حق علی ع کے ساتھ ہے۔ علی خلوت و جلوت میں میرے ساتھ رہے''
دور حاضر میں حضرت علی ع کے تصور اسلام کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، جس تصور اسلام کی بنیاد آپ نے انفرادی اور اجتماعی زندگی میں انتہائی اہم، حساس اور دورس اقدامات کئے اور زندگی کے سیاسی، معاشی، معاشرتی اور عمومی اخلاقی میدانوں میں جو نقوش چھوڑے ہیں ان کے گہرے مطالعے کی ضرورت ہے، تاکہ امیر المومنین ع کے اقدامات کی روشنی میں گھمبیر معاشرتی مسائل کا عصری تقاضوں کے مطابق حل نکالا جا سکے۔ 
حضرت علی ع کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ ان کی سیرت کے ہر پہلو سے ہر انسان استفادہ کر سکتا ہے۔ ایک عام مزدور سے لے کر ایک بااختیار حکمران تک کے تمام نمونے آپ ع کی حیات طیبہ میں نظر آتے
ہیں جبکہ ذاتی زندگی میں ایک فرمانبردار بیٹے، وفادار بھائی، ذمہ دار شوہر اور قابل تقلید باپ کی حیثیت سے آپ کا عمل ہمارے لئے نمونہ عمل ہے۔ لہذا ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں امیر المومنین ع کی سیرت اقدس سے استفادہ کرنا چاہیے اور اسے ہی نمونہ قرار دے کر اپنی دنیاوی و اخروی نجات کا سامان پیدا کرنا چاہیے۔ 
خبر کا کوڈ : 93297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش