0
Monday 9 Aug 2021 22:03

پیغـام محرم

پیغـام محرم
تحریر: عظمت علی

ماہ عزا کی آمد ہوچکی ہے۔ اس لیے تمام قسم کے اختلاف کو بالائے طاق رکھ کر ایک ساتھ فرش عزا پر تشریف لائیں اور یہاں سے درس اخوت اور پیغام محبت لیتے جائیں۔ مجالس ان شخصیات کے ذکر سے معمور ہوتی ہیں، جن کے کردار کا ہلکا سا تراش بھی ہم اپنا لیں تو ہماری زندگی سنبھل جائے۔ کربلا میں امام حسین علیہ السلام نے حر کی خطائیں معاف کر دیں تھیں۔ حر وہی شخص ہے جس نے لجام فرس پر ہاتھ ڈالا اور (ظاہری طور پر) امام کو کرب و بلا لے آیا۔ اگر آپ کربلا کے پس منظر میں، حر کو شب عاشور سے پہلے دیکھیں تو وہ امام کا سخت دشمن تھا، مگر جب امام کی خدمت میں آیا تو آپ نے اس کی خدمت کی، استقبال کیا۔ یہ مرتبہ ایک دشمن کا۔ ابھی حسینی قافلہ جس کیفیت میں ہے، اس میں حر کا بڑا ہاتھ تھا مگر امام نے مدینہ سے نکلتے وقت کہا تھا کہ "میں اپنے نانا اور بابا کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کے لیے نکل رہا ہوں ۔"

فتح مکہ کے وقت جب مکہ مسلمانوں کے دست قدرت میں آگیا تو کچھ لوگوں نے جوش فتح میں جیسے ہی ابو سفیان کو دیکھا، کہنا شروع کر دیا کہ "آج تو روز انتقام ہے۔" اس وقت رسول اسلامﷺ نے فرمایا: "(نہیں …!) بلکہ آج تو معاف کرنے، رحم و عطوفت کا دن ہے۔" وہی ابو سفیان جس نے اسلام کی نابودی کے لیے سر سے چوٹی تک زور لگا دیا تھا اور جسے دیکھتے ہی مسلمانوں نے اپنے جذبہ انتقام کا اظہار کیا تھا، اسی دیرینہ اسلام دشمن کے سلسلے میں رسول رحمت فرما رہے کہ: "آج اگر کوئی شخص ابو سفیان کے گھر میں بھی پناہ لے رہا ہے تو وہ محفوظ ہے۔"

یہی سیرت امام علی علیہ السلام کی زندگی میں دیکھنے کو ملی۔ جب آپ کو شہید کرنے والا ظالم ابن ملجم گرفتار کیا گیا اور اس کی خبر امام کو ہوئی تو امام نے فرمایا: پہلے اس کو شربت پلاؤ۔ پھر وصیت کی کہ قصاص کی صورت میں اسے صرف ایک ہی ضرب لگائی جائے، کیونکہ اس نے بھی مجھے ایک ہی ضرب لگائی ہے۔" واقعہ کربلا میں بے شمار کردار اور اخلاقی روشنی پھوٹتی نظر آتی ہے۔ دشمن کو معاف کر دینا اور دشمن سے عدل و انصاف کا سلوک کرنے کا نام کربلا ہے۔ ابو سفیان اور ابن ملجم اسلام کے دشمن تھے، رسالت و امامت نے ان کے ساتھ انسانیت کا سلوک روا رکھا، لیکن آج کل فرش عزا پر آنے والے مومنین کی دل آزاری کی جاتی ہے جو کہ بہرحال غیر معقول رویہ ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہم سب کو نیک راہ پر چلنے اور قائم رہنے کی توفیق عنایت فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 947658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش