2
Thursday 14 Oct 2021 07:11

یمن میں لبيك يارسول الله کی گونج 

یمن میں لبيك يارسول الله کی گونج 
تحریر: شاہد عباس ہادی

یمنی عوام کو خاندان نبوت سے خاص الفت ہے۔ اس قوم میں عشق رسول کی وہ تڑپ ہے، جو کسی قوم میں نظر نہیں آتی، ہر سال لاکھوں، کروڑوں عاشقان رسول "لبيك يا رسول الله" کی گونج کے ساتھ میدان سجا دیتے ہیں، بچوں اور بوڑھوں کی زبان پر صرف یا رسول الله کا نعرہ سنائی دیتا ہے، جیسے ان کے دلوں میں عشقِ رسول و آل رسول علیهم السلام کا ایک دریا موجزن ہو۔ اس عظیم قوم کے میلاد پر نظر دوڑائیں، یہ تصاویر اور ویڈیوز ان اموی ملوکیت کے پٹھوؤں، نمک خوار مفتیوں، حرمین کے تنخواہ دار پیش نمازوں اور تکفیری ملاؤں کے منہ پر ایک زور دار طمانچہ ہیں، جو کہتے ہیں کہ حوثی مکہ و مدینہ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ سعودی حکمرانوں نے تو حرمین شریفین کی حرمت بھی پامال کر ڈالی، نجانے یہ کس منہ سے رکھوالے بنے بیٹھے ہیں۔؟ 

گذشتہ چھ برسوں سے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی یمن پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، امریکہ و اسرائیل کی مکمل حمایت کے ساتھ سعودی اتحاد یمنی عوام پر گولہ باری کرتا ہے، مگر اس کے باوجود رحمت للعالمین (ص) کی دلدادہ یمنی قوم دارالحکومت صنعا میں نہایت عظیم الشان اور باوقار انداز میں جشن میلاد النبی کا اہتمام کرتے ہوئے پیغام دیتی ہے کہ دشمن جان لے! ہم رسول خدا (ص) کی امت ہیں، ہم مکہ و منیٰ سے محبت کرتے ہیں، ہمیں خانہ کعبہ عزیز ہے، مگر اسلام کے دشمن خانہ کعبہ پر قابض ہیں اور اب وہ یمن پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ امریکہ و اسرائیل کے ذریعے دنیا میں یہودیت کا راج ہو، لبيك يا رسول الله کہنے والا کوئی نہ ہو، ختمی مرتبت حضرت محمد (ص) کی تعلیمات پر عمل کرنے والا کوئی نہ ہو۔

یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب ناچ گانے کا مرکز بنتا جا رہا ہے، حتیٰ کہ عبادت خانوں کو سینما ہال میں تبدیل کیا جا چکا ہے۔ کیا یہ سن کر ایک مسلمان کا دل نہیں کھولتا کہ اسلام کا مرکز شہر بےحیائی کا مرکز بن جائے؟ افسوس ہے سوشل میڈیا کے زرخرید غلاموں پر، جو یمن کی مظلوم عوام پر کئی طرح کے الزامات لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کاش پاکستانی میڈیا سعودی حکمرانوں کی عیاشی کو بھی دکھاتا، جو عورت، دولت اور طاقت کے نشے میں مست ہوچکے ہیں. بقول ڈاکٹر علامہ محمد اقبال:
یہ مال و دولتِ دنیا، یہ رشتہ و پیوند 
بتان وہم و گماں لا اله الا الله


یہ لوگ خادم حرمین کہلانے کے لائق نہیں، یہ مال و دولت کے پجاری ہیں۔ جس کے دل میں تھوڑی سی محبت رسول ہوگی، وہ ان سے جان چھڑا لے گا۔ رسول خدا (ص) کی محبت میں سرشار یمنی جوانوں، بوڑھوں اور بچوں کو سلام جو ظالم اور طاقتور دشمن (امریکہ و اسرائیل) کے سامنے ڈٹ گئے، مقاومت دکھائی اور یہود و سعود کے تمام ارادے خاک میں مل گئے۔ لاکھوں کروڑوں سلام ہوں! یمن کی مقاومتی تنظیم انصارالله پر، جو ہر سال میلاد النبی کے بڑے اجتماعات کروا کر عملی وحدت کا ثبوت دیتی ہے، خوراک و وسائل کی قلت کے باوجود انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر کوئی حقیقی عاشقِ رسول ہے تو یہی قوم ہے۔
خبر کا کوڈ : 958643
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش