QR CodeQR Code

حضرت محمد (ص) کی 110 اخلاقی خصوصیات

20 Oct 2021 09:53

اسلام ٹائمز: جب بھی آپکی اکلوتی صاحبزادی حضرت فاطمہ زہراء علیہا السلام آپکے پاس تشریف لے آتیں تو آپ انکے استقبال کیلئے کھڑے ہو جاتے تھے۔ ابن عباس کی نقل کے مطابق آیہ تطہیر کے نزول کے بعد سے 9 مہینے تک آپ ہر پنجگانہ نماز کے بعد حضرت علی علیہ السلام کے گھر کے پاس جا کر اپنی اہلبیت کو سلام کرنے کے بعد آیہ تطہیر کی تلاوت کیا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ آپ اپنے آخری وقت میں دو گراں بہا چیزیں امت کے پاس امانت چھوڑ گئے، جن میں سے پہلی قرآن مجید اور دوسری آپکی اہلبیت ہیں۔ آپ نے ان دونوں سے متمسک رہنے، دونوں میں جدائی نہ ڈالنے اور قرآن و اہلبیت کی پیروی کرتے رہنے کی وصیت فرمائی۔


تحریر: ایس ایم شاہ

1۔ آپ ہمیشہ سلام میں پہل کرتے تھے۔
2۔ بڑوں کا ہمیشہ احترام اور چھوٹوں پر ہمیشہ شفقت کیا کرتے تھے۔ 
3۔ مسافروں کا ہمیشہ خیال رکھا کرتے تھے۔
4۔ راستہ چلتے وقت وقار و متانت سے قدم بڑھاتے تھے۔
5۔ آپ کی نگاہیں ہمیشہ جھکی رہتی تھیں۔
6۔ جب بھی کسی سے ہاتھ ملاتے تو جب تک دوسرا اپنا ہاتھ نہ کھینچتا تو اس وقت تک آپ اس کا ہاتھ تھامے رکھتے تھے۔
7۔ لوگوں سے اس طرح گھل مل کر رہتے تھے کہ ہر ایک یہ گمان کرتا تھا کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سب سے زیادہ مجھے چاہتے ہیں۔
8۔ ہمیشہ سکوت کو اپنا وطیرہ بناتے تھے اور ضرورت بھر سے زیادہ گفتگو کرنے سے اجتناب فرماتے تھے۔
9۔ جب بھی کسی سے ہم کلام ہوتے تو مکمل اس سے روبرو ہو کر گفت و شنید کیا کرتے تھے۔
10۔ جب بھی کسی سے محو گفتگو ہوتے تو اس کی باتوں کو غور سے سنا کرتے تھے۔

11۔ جب بھی کسی کے ساتھ بیٹھ جاتے تو جب تک وہ اپنی جگہ سے نہ اٹھتا، اس وقت تک آپ اس کے احترام میں بیٹھے رہتے تھے۔
12۔ آپ جہاں کہیں بھی تشریف لے جاتے تو ہمیشہ آپ کی زبان پر ذکر خدا ہوتا تھا اور جب بھی آپ کسی کے ہاں جاتے تو تین مرتبہ اجازت طلب کرتے تھے۔
13۔ آپ جب بھی کسی اجتماع میں تشریف لے جاتے تو دروازے کے قریب تشریف فرما ہوتے تھے۔
14۔ جب بھی آپ کے ہاں کوئی مہمان آتا تو آپ اسے خدا حافظی کرنے دروازے تک جایا کرتے تھے۔
15۔ آپ جب بھی جہاد کے لئے ایک گروہ کو بھیجتے تو ان میں سے ایک شخص کو اس لشکر کا سربراہ معین کرتے اور ان کے ساتھ اپنے کسی قابل اعتماد شخص کو بھی حالات سے آگاہ کرنے کے لئے بھیجتے تھے۔
16۔ آپ اپنے لیے کسی خاص جگہہ کا چناؤ کبھی بھی نہیں کرتے تھے۔
17۔ آپ دوسرے لوگوں کو بھی اجتماعی مقامات پر اپنے لئے خاص جگہہ کا چناؤ کرکے رکھنے سے سختی سے منع کرتے تھے۔
18۔ لوگوں کی موجودگی میں کبھی بھی آپ لیٹتے تھے۔
19۔ اکثر آپ قبلہ رو ہوکر تشریف فرما ہوتے تھے۔
20۔ آپ کے سامنے اگر کسی سے غلطی سے کوئی برا کام سرزد ہو جاتا تو آپ اسے نادیدہ قرار دیتے تھے۔

21۔ کسی کی غلطی کو کبھی بھی کسی اور کے سامنے نہیں دہراتے تھے۔
22۔ کسی سے باتیں کرنے میں اگر بے ادبی ہو جاتی تو آپ اس کا مؤاخدہ نہیں کرتے تھے۔
23۔ آپ کسی سے بھی جھگڑا فساد نہیں کرتے تھے۔
 24۔ فضول اور لایعنی باتوں کے علاوہ آپ کسی کے کلام کو بھی قطع کلامی نہیں کرتے تھے۔
25۔ جب بھی آپ سے کوئی سوال ہوتا تو آپ اس کے جواب کو چند بار تکرار فرماتے تھے، تاکہ سننے والے کو جواب کے سننے میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔
26۔ جب بھی کسی کی غلط بات آپ کی کانوں سے ٹکراتی تو آپ اس کا نام لیکر  ملامت کرنے کے بجائے فرماتے تھے کہ بعض لوگوں کو کیا ہوا ہے، معلوم نہیں کہ ایسا کہتے ہیں۔
27۔ آپ کا رہن سہن اکثر غریبوں کے ساتھ ہوا کرتا تھا۔
28۔ آپ اکثر و بیشتر غریبوں کے ساتھ کھانا کھایا کرتے تھے۔
29۔ غلاموں اور کنیزوں کی دعوت کو آپ کبھی نہیں ٹھکراتے تھے۔
30۔ کوئی بھی جب آپ کو معمولی سا بھی تحفہ دیتا تو آپ اسے قبول فرماتے تھے، خواہ ایک گھونٹ دودھ ہی کیوں نہ ہو۔

31۔ سب سے زیادہ صلہ رحمی بجا لایا کرتے تھے۔
32۔ اپنے رشتہ داروں کو دوسروں پر برتری دیئے بغیر ان کے ساتھ نیکی کیا کرتے تھے۔
33۔ اچھے کام انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کیا کرتے تھے اور برائی کا ارتکاب کرنے والوں کو اس کام سے روکتے تھے۔
34۔ لوگوں کے دین و دنیا کی اصلاح سے متعلق امور ان کے لیے بیان فرماتے تھے اور حکم دیتے تھے کہ حاضرین غائبین تک میری ان باتوں کو پہنچا دیں۔
35۔ جب بھی کوئی اپنے کیے پر معذرت چاہتا تھا تو آپ اسے قبول فرماتے تھے۔
36۔ آپ کسی کو بھی حقارت کی نگاہ سے نہیں دیکھتے تھے۔
37۔ آپ نے کبھی کسی کی بدگوئی نہیں کی۔ 
38۔ آپ نے کبھی کسی کو غلط نام سے نہیں پکارا۔
39۔ آپ کے ارد گرد بیٹھنے والوں میں سے کسی کے بارے میں بھی آپ نے نفرین نہیں کیں۔
40۔ لوگوں کی عیب جوئی سے آپ ہمیشہ اجتناب کرتے تھے۔

41۔ دوسروں کی کوتاہیوں کو صبر و تحمل سے برداشت کرتے تھے۔
42۔ بدی کا بدلہ اچھائی سے دیا کرتے تھے۔
43۔ مریضوں کی عیادت کیا کرتے تھے، خواہ اس امر کے لیے آپ کو مدینے کی دور ترین جگہہ تک ہی کیوں نہ جانا پڑے۔
44۔ اپنے اصحاب سے مشاورت کیا کرتے تھے، انہیں اس امر کی تاکید بھی کرتے تھے اور آخر میں آپ اپنے فیصلے پر عمل کرتے تھے۔
45۔ اپنے ساتھیوں کے درمیان میں ایسے تشریف فرما ہوتے تھے کہ جب بھی کوئی اجنبی وہاں پہنچتا تو وہ نہیں پہچان سکتا تھا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان میں سے کون ہیں۔
46۔ اپنے عہد و پیمان کو ہمیشہ پورا کیا کرتے تھے۔
47۔ جب بھی کسی فقیر کی مالی مدد کرتے تو کسی کے حوالے کرنے کے بجائے آپ خود اپنے دست مبارک سے عطا فرماتے تھے۔
 48۔ اگر نماز کے دوران میں کوئی آپ سے ملنے آتا تو آپ  نماز کو مختصر کیا کرتے تھے۔
49۔ دوران نماز میں اگر کسی بچے کے رونے کی آواز آجاتی تو آپ نماز کو مختصر کیا کرتے تھے۔
50۔ جب بھی کسی بچے کو آپ کے پاس دعا کی خاطر یا نام گزاری کے لئے لے آتے تو آپ ان کے احترام میں بچے کو گود میں لیتے اور بسا اوقات بچہ آپ کی گود میں بول و براز کرتا تو اس کے گھر والوں کو اسے ڈانٹنے سے منع کرتے اور ان کے احترام میں ان کے واپس جانے کے بعد آپ اپنے لباس کو پاک کرتے تھے۔

51۔ آپ کو جب بھی کسی پریشانی کا سامنا ہوتا تو فوراً مشغول عبادت ہو جاتے تھے۔
52۔ آپ کے نزدیک زیادہ عزیز وہ افراد تھے، جو دوسروں کے ساتھ زیادہ اچھائی کیا کرتے تھے۔
53۔ کوئی بھی شخص آپ کے ہاں سے مایوس ہو کر واپس نہیں لوٹتا تھا۔
54۔ آپ حکم دیا کرتے تھے کہ جن لوگوں کی حاجتیں مجھ تک کوئی پہنچانے والا نہیں، ان کی حاجتیں مجھ تک پہنچایا کرو۔
55۔ جب بھی کوئی سائل آپ کے پاس کوئی حاجت لے کر حاضر ہوتا تو آپ مقدور بھر اس کی مدد فرماتے، بصورت دیگر آپ اپنی دلنشین باتوں اور آئندہ اس کی مدد کرنے کی یاد دہانی کے ذریعے اسے خوش کرکے  واپس لوٹاتے تھے۔
56۔ آپ جنگ کے لئے جاتے وقت سب سے آخر میں نکلتے تھے، تاکہ چلنے میں کمزور افراد کو اپنے ہمراہ لے جاسکیں۔
57۔ جب بھی آپ کسی سواری پر سوار ہوتے تو کسی اور کو پیدل آپ کے ہمراہ آنے سے منع کرتے تھے، یا اسے اپنے ہمراہ سواری پر سوار کرتے، بصورت دیگر اسے حکم دیتے کہ جلدی آگے بڑھ کر اگلے پڑاؤ پر آپ کا انتظار کریں۔
58۔ جب بھی کسی نے آپ سے کسی چیز کا تقاضا کیا تو آپ نے اسے رد نہیں کیا، مگر یہ کہ اس کا یہ تقاضا غلط کام سے متعلق ہو۔
59۔ اچھے برتاؤ کے ذریعے برے لوگوں کو اپنی طرف جذب کر لیتے تھے۔
60۔ آپ کی زبان پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی، البتہ آپ کا قلب مبارک ہمیشہ خوف الہیٰ سے لبریز ہوتا تھا۔

61۔ آپ قہقہے سے ہمیشہ اجتناب کیا کرتے تھے۔
62۔ آپ مذاق بھی کرتے تھے۔ البتہ مذاق کے ضمن میں فضول باتوں سے اجتناب فرماتے تھے۔
63۔ کسی کا اگر نامناسب نام ہوتا تو اسے تبدیل کرکے آپ اس کے لیے اچھے نام کا انتخاب کیا کرتے تھے۔
64۔ آپ کا صبر و تحمل ہمیشہ غصے پر غالب رہتا تھا۔
65۔ دنیوی کسی چیز کے ہاتھ سے جانے سے نہ آپ پریشان ہوتے تھے اور نہ ہی آپ کو غصہ آتا تھا۔
66۔ آپ کے نزدیک سب سے منفور عادت جھوٹ تھی۔
67۔ خوشی اور غم دونوں حالتوں میں پل بھر کے لیے بھی آپ ذکر خدا سے غافل نہیں ہوتے تھے۔
68۔ آپ اپنے پاس درہم و دینار میں سے کوئی بھی چیز بچا کر نہیں رکھتے تھے۔
69۔ زمین پر تشریف فرما ہوتے، وہیں پر غذا تناول فرماتے اور زمین پر سویا کرتے تھے۔
70۔ لباس اور کھانے پینے والی چیزوں میں اپنے خدمت گاروں سے زیادہ کوئی چیز آپ کے پاس نہیں تھی۔

71۔ چھوٹی سی نعمت کو آپ بڑی نعمت سمجھتے تھے اور کسی بھی نعمت کی مذمت نہیں کرتے تھے۔
72۔ جو بھی کھانے پینے کی چیزیں آپ کے سامنے لائی جاتیں تو آپ بغیر کسی اعتراض و تمجید کے اسے تناول فرماتے تھے۔
73۔ دسترخوان پر جب آپ تشریف رکھتے تو اپنے سامنے سے غذا تناول فرماتے تھے۔
74۔ کھانے کے لئے دوسروں سے پہلے حاضر ہوتے اور سب سے آخر میں کھانے سے ہاتھ اٹھاتے تھے۔
75۔ جب تک بھوک نہ لگے، اس وقت تک آپ کچھ تناول نہ فرماتے اور مکمل پیٹ بھرنے سے پہلے آپ کھانے کو ترک کرتے تھے۔
76۔ آپ نے کبھی بھی دو طرح کے کھانے ایک ساتھ تناول نہیں فرمائے۔
77۔ حتی الامکان آپ اکیلے کھانا کھانے سے اجتناب کرتے تھے۔
78۔ کھانے کے بعد ہاتھوں کو دھوتے اور ہاتھوں کو چہرے پر ملتے تھے۔
79۔ آپ اپنے لباس اور جوتوں کو خود پیوند لگایا کرتے تھے۔
80۔ آپ اپنے دست مبارک سے بکریوں کا دودھ دوہتے اور اونٹوں کے پیروں کو رسی باندھتے تھے۔

81۔ جو بھی سواری فراہم ہوتی، اسی پر سوار ہوتے تھے۔
82۔ جہاں بھی جاتے، آپ اپنی عبا کو بچھا کر سوتے تھے۔
83۔ آپ اکثر سفید لباس زیب تن فرماتے تھے۔
84۔ جب بھی آپ نیا کپڑا زیب تن کرتے تو پرانا لباس غریبوں کو عطا فرماتے تھے۔
85۔ آپ اپنے سب سے اچھے لباس کو جمعے کے دن کے لیے مختص کرکے رکھتے تھے۔
86۔ کپڑے اور جوتے پہنتے وقت ہمیشہ داہنے جانب سے پہننا شروع کرتے تھے۔
87۔ بالوں کو گھنگریالہ حالت میں چھوڑے دیکھ کر آپ کراہت محسوس کرتے تھے۔
88۔ آپ ہمیشہ خوشبو استعمال کیا کرتے تھے اور آپ کا سب سے زیادہ خرچہ عطر خریدنے کا تھا۔
89۔ آپ ہمیشہ باوضو رہتے تھے اور وضو کرتے وقت مسواک کیا کرتے تھے۔
90۔ آپ کی آنکھوں کی ٹھنڈک نماز تھی اور نماز کی حالت میں آپ اطمینان و سکون کا احساس کرتے تھے۔

91۔ ہر مہینے کی چودھویں، پندرھویں اور سولہویں کو آپ روزہ رکھا کرتے تھے۔
92۔ اللہ تعالیٰ کی چھوٹی سی بھی نعمت کو آپ بہت بڑی نعمت سمجھتے تھے۔
93۔ نہ کسی کی ملامت کرتے تھے اور نہ کسی کی خوشامد کرتے تھے۔
94۔ لوگوں کے عیبوں کے بارے میں جستجو کرنے سے اجتناب کرتے تھے۔
95۔ کسی کو بھی حقارت کی نگاہ سے نہیں دیکھتے تھے۔
96۔ کسی کو بھی غلط لقب سے نہیں پکارتے تھے اور بدگوئی سے بھی ہمیشہ اجتناب کرتے تھے۔
97۔ آپ نے ذاتی امور میں کسی سے انتقام نہیں لیا، مگر یہ کہ حق کی بے حرمتی کا خطرہ ہو۔
98۔ آپ اپنے اصحاب کے احترام اور ان کا دل مول لینے کے لئے انہیں کنیہ و القاب سے پکارتے تھے، جن کے لئے کنیہ اور لقب نہ ہو تو ان کے لئے کنیہ قرار دیتے تھے۔ اسی طرح بے اولاد خواتین کے لئے بھی کنیہ معین کرتے تھے، تاکہ ان کی دل شکنی نہ ہو۔
99۔ آپ اپنے اصحاب کی طرف دیکھنے میں بھی مساوات سے کام لیتے تھے۔
100۔ آپ اپنے اصحاب کے سامنے کبھی پاؤں پھیلا کر نہیں رکھتے تھے۔

101۔ جب بھی آپ کی اکلوتی صاحبزادی حضرت فاطمہ زہراء علیہا السلام آپ کے پاس تشریف لے آتیں تو آپ ان کے استقبال کے لئے کھڑے ہو جاتے تھے۔ ابن عباس کی نقل کے مطابق آیہ تطہیر کے نزول کے بعد سے 9 مہینے تک آپ ہر پنجگانہ نماز کے بعد حضرت علی علیہ السلام کے گھر کے پاس جا کر اپنی اہل بیت کو سلام کرنے کے بعد آیہ تطہیر کی تلاوت کیا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ آپ  اپنے آخری وقت میں دو گراں بہا چیزیں امت کے پاس امانت چھوڑ گئے، جن میں سے پہلی قرآن مجید اور دوسری آپ کی اہل بیت ہیں۔ آپ نے ان دونوں سے متمسک رہنے، دونوں میں جدائی نہ ڈالنے اور قرآن و اہل بیت کی پیروی کرتے رہنے کی وصیت فرمائی۔

102۔ آپ حضرت امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کو اپنی گود میں بٹھاتے، ان سے پیار کرتے، ان کا بوسہ لیتے اور فرماتے کہ یہ دونوں جنت کے جوانوں کے سردار ہیں اور ان کے والد گرامی ان سے بھی افضل ہیں، یہ دونوں دنیا میں میری خوشبو ہیں۔ جو بھی ان دونوں سے محبت کرے تو اس نے مجھ سے محبت کی ہے۔
103۔ گھریلو اوقات کو آپ نے تین حصوں میں بانٹ رکھا تھا، ایک حصہ اللہ تعالیٰ کے لئے، ایک حصہ اہل و عیال کے لئے اور ایک حصہ اپنی ذات کے لئے۔ پھر اپنی ذات سے مختص وقت میں سے آپ لوگوں کے لئے بھی وقت نکالتے تھے۔
104۔ پردے دار دوشیزاؤں سے بھی زیادہ آپ باحیا تھے۔
105۔ آپ امانت کو واپس لوٹاتے تھے، خواہ وہ سوئی کے برابر ہی کیوں نہ ہو۔
106۔ رمضان المبارک میں جو کچھ آپ کے پاس ہوتا، اسے اللہ کی راہ میں خرچ کر دیتے تھے۔

107۔ آپ ہر وقت آئینے یا پانی میں دیکھ کر بالوں میں کنگھی کیا کرتے اور جب بھی گھر والوں کے پاس یا اصحاب کے پاس جاتے تو آراستہ ہوکر جاتے تھے۔
108۔ پانی پیتے وقت داہنے ہاتھ میں پانی اٹھاتے، اسے تین گھونٹ کرکے پیتے اور ابتدا میں بسم اللہ اور آخر میں الحمد للہ کا ورد کرتے تھے۔
109۔ آپ جب بھی تین دن تک کسی برادر مؤمن کو نہ دیکھتے تو اس کا حال احوال دریافت کرتے، اگر وہ سفر پر ہو تو اس کے حق میں دعا کرتے، ورنہ اس سے ملنے جاتے۔ بیمار ہو تو اس کی عیادت کرتے۔
110۔ آپ اللہ کے حضور آہ و زاری کرتے، نیک آداب اور مکارم اخلاق کے حصول اور بداخلاقی سے دور رکھنے کی دعا کرتے تھے۔
الغرض خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا ہر عمل ہمارے لئے بہترین اسوۂ حسنہ ہے اور آپ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب اور سرخرو ہوسکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں دنیا میں آپ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کی توفیق اور آخرت میں آپ کی شفاعت سے بہرہ مند فرمائے، آمین۔


خبر کا کوڈ: 959625

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/959625/حضرت-محمد-ص-کی-110-اخلاقی-خصوصیات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org