QR CodeQR Code

انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے زیر اہتمام سیرت کانفرنس کا انعقاد (ویڈیو رپورٹ)

22 Nov 2021 22:43

اسلام ٹائمز: مقررین نے سرور کائنات (ص) کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسوہ رسول (ص) قرآن کریم کی عملی تفسیر ہے اور آپ (ص) کی سیرت طیبہ رہتی دنیا تک عالم بشریت کیلئے باعث رحمت و نجات ہے۔


رپورٹ: جاوید عباس رضوی

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جامعہ باب العلم میرگنڈ ضلع بڈگام میں ایک روزہ سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں باب العلم کے سینکڑوں طالب علموں، معلمین و تنظیمی اراکین کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ سیرت کانفرنس کی صدارت تنظیم کے صدر آغا سید حسن نے کی۔ سیرت کانفرنس سے متعدد علماء کرام اور مفکرین نے خطاب کیا، جن میں شیخ غلام رسول نوری، مولانا مسرور عباس انصاری، آغا سید مجتبٰی، مولانا خورشید احمد قانونگو، مولانا سیدالرحمان شمس، مولانا شعیب شوکت شاہ اور ایڈوکیٹ زاہد علی شامل ہیں۔ انجمن شرعی شیعیان کے زیراہتمام وادی کشمیر کے جمعہ مراکز کے ائمہ حضرات نے بھی شرکت کی۔ علماء کشمیر نے یک زبان ہو کر وحدت امت پر زور دیا اور باطل کے آلہ کار وسیم رضوی کے ناپاک منصوبوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے سرور کائنات (ص) کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسوہ رسول (ص) قرآن کریم کی عملی تفسیر ہے اور آپ (ص) کی سیرت طیبہ رہتی دنیا تک عالم بشریت کے لئے باعث رحمت و نجات ہے۔

مقررین نے توہین رسالت و قرآن کے پے در پے سانحات کو امت مسلمہ کے لئے نہایت تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سانحات کا بہترین ردعمل یہ ہے کہ ہم مکمل طور پر اپنی زندگی اور جملہ معاملات کو شریعت اسلامی اور سیرت رسول (ص) کے سانچے میں ڈال کر دشمنان اسلام کے مکروہ عزائم اور مقاصد کے حصول سے باز رکھیں۔ اپنے صدارتی خطاب میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے سیرت رسول (ص) کو امت مسلمہ کے جملہ مسائل اور مصائب کا راہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے موجودہ حالات مسلمانوں سے تقاضا کر رہے ہیں کہ وہ مکمل طور پر سیرت رسول (ص) پر عمل پیرا ہو جائیں اور ہر سطح پر ملی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کی تمام تر منصوبہ بندیوں کے باوجود کرہ ارض پر اسلام کا بول بالا ہو کر رہے گا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)


خبر کا کوڈ: 964909

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/964909/انجمن-شرعی-شیعیان-کشمیر-کے-زیر-اہتمام-سیرت-کانفرنس-کا-انعقاد-ویڈیو-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org