0
Saturday 1 Jan 2022 01:08

جماعت اسلامی کے خیبر پختونخوا بھر میں مظاہرے

جماعت اسلامی کے خیبر پختونخوا بھر میں مظاہرے
رپورٹ: سید عدیل زیدی

وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ہر ماہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر کئے جانے والے اضافہ کیخلاف جماعت اسلامی نے میدان عمل میں آنے کا ارادہ کیا اور آج بروز جمعہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ واضح ہو کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ہر ماہ نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی درخواست ارسال کی جاتی ہے اور پھر ہر ماہ ہی اس درخواست کو کرلیا جاتا ہے، اس درخواست قبولی کے بعد نیپرا کی جانب سے بجلی نرخوں میں من مانا اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی صارفین کو گذشتہ ماہ کے بلوں کی مد میں اضافی رقم ادا کرنا پڑتی ہے، بعض اوقات یہ ایف پی اے بجلی کے حالیہ بل سے بھی کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے ایف پی اے کے حوالے سے عدالت سے رجوع کرنے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

جماعت اسلامی کی طرف سے صوبہ کے مختلف علاقوں میں بجلی قیمتوں کیخلاف کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں میں جماعت کے کارکنان سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور صوبائی اور ضلعی رہنماوں نے خطابات کئے۔ پشاور میں مسجد مہابت خان سے چوک یادگار تک ضلعی امیر عتیق الرحمان، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جمال الدین، سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان اور سابق امیدوار تحصیل مئیر پشاور بحراللہ خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ مظاہرین نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بھتہ خوری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کو مسترد کرتے ہیں، آئے روز کی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسوں نے عوام کو نڈھال کردیا ہے۔ عوام حکومتی مظالم کو مزید برداشت نہیں کرسکتے۔ علاوہ ازیں ایف پی اے کے خلاف دیر پائین میں بھی بلامبٹ سے تیمر گرہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی دیر پائین کے امیر اعزاز الملک افکاری اور دیگر ذمہ داران کررہے تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ بھتہ خوری کی ایک شکل ہے، جس کے ذریعے عوام پر ظلم کیا جارہا ہے، ایک تو کم یونٹ خرچ کرنے کے باوجود بھاری بل تھما دیئے گئے ہیں اوپر سے بجلی کا بل وقت پر ادا نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ الگ سے وصول کیا جاتا ہے۔ ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ ملاکنڈ کے دو مقامات ضلعی ہیڈکوارٹر بٹخیلہ اور تحصیل درگئی میں بھی ایف پی اے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور ظالمانہ ٹیکس کو مسترد کیا۔ بٹخیلہ بازار سے بہادر خان پلازہ تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت تحصیل امیر امجد علی شاہ جبکہ تحصیل درگئی میں تحصیل کے امیر فضل وہاب نے کی۔ اسی طرح مردان میں بھی ضلعی امیر غلام رسول کی قیادت میں کچہری چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف لائر چترال میں اتالیق پُل کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نے حکومت اور ظالمانہ ٹیکس کے خلاف نعرے بازی کی اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

اس کے علاوہ سوات میں پانچ مقامات کبل، خوازہ خیل، مدین، چارباغ اور بری کوٹ میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ دیربالا میں دیر چوک میں بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکس کے خلاف ضلعی قائدین کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومتی اقدام کے خلاف نفرت کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں چارسدہ کے عظیم خان پُل میں بھی عوام نے ایف پی اے کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ نوشہرہ میں دو مقامات شوبرا چوک اور پبی اسٹیشن میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ اسی طرح جماعت اسلامی کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں اسلامیہ ہائی سکول نمبر ۲ چوک پر واپڈا چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کی قیادت ضلعی امیر مولانا سلیم اللہ ارشد اور تحصیل امیر حاجی محمد عقیل ڈمرہ نے کی۔ بٹگرام میں بھی حکومتی غنڈہ ٹیکس فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف احتجاج ہوا۔

ایبٹ آباد میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف لوگ سڑکوں پر آئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت ضلعی امیر ساجد قریش عباسی اور دیگر نے کی۔ بونیر میں دو مقامات جوڑ بازار اور پیربابا میں الگ الگ احتجاجی مظاہرے ہوئے، جن میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں بلدیاتی کنونشن کے دوران امیر ضلع محمد رفیق آفریدی اور دیگر نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر حکومتی بھتے سے غریب عوام پریشان ہیں۔ حکومت عوام پر مزید ظلم بند کرے۔ بجلی کے بلوں سے ایف پی اے ختم کرے اور عوام کو ریلیف دے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نامی ظالمانہ ٹیکس کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے، جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور حکومت، اس کی ناقص پالیسیوں اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ 
خبر کا کوڈ : 971383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش