0
Monday 24 Jan 2022 02:19

امام خمینیؒ ٹرسٹ کی فلاحی، رفاہی اور دینی خدمات

امام خمینیؒ ٹرسٹ کی فلاحی، رفاہی اور دینی خدمات
رپورٹ: سید عدیل زیدی

وطن عزیز پاکستان میں کئی فلاحی اور رفاہی غیر سرکاری ادارے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ان اداروں میں ایک نام ’’امام خمینیؒ ٹرسٹ‘‘ ہے، جس کے سربراہ معروف عالم دین علامہ سید افتخار حسین نقوی ہیں، علامہ افتخار نقوی کا تعلق چونکہ ضلع میانوالی کے علاقہ ماڑی انڈس سے ہے، اسی وجہ سے اس ٹرسٹ کی فلاحی، رفاہی اور دینی خدمات کا مرکز یہی علاقہ ہے، تاہم اس ادارے کی خدمات کا دائرہ اب ملک کے طول و عرض تک پہنچ چکا ہے۔ امام خمینیؒ ٹرسٹ پاکستان کی ایک اسلامی فلاحی تنظیم کے طور پر جانا جاتا ہے، یہ ٹرسٹ قدرتی آفات میں ہنگامی امدادی سرگرمیوں کے علاوہ طب، تعلیم، روزگار، اجتماعی شادیوں، غریب عوام کی امداد، تعمرات مساجد و امام بارگاہ سمیت مختلف شعبہ جات زندگی میں اپنی خدمات بلاتفریق مذہب و مسلک انجام دے رہا ہے۔ اس رپورٹ میں امام خمینیؒ ٹرسٹ کی فلاحی و رفاہی خدمات قارئین کی خدمت میں پیش کی جائیں گی۔

امام خمینیؒ ٹرسٹ کی جانب سے ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے مختلف علاقوں میں مرد اور خواتین کے لئے الگ الگ سکولز اور کالجز قائم کئے گئے ہیں، جبکہ دینی تعلیم کے حوالے سے خواتین و حضرات کے لئے الگ الگ مدرسے قائم ہیں۔ پانی جیسی قدرتی نعمت سے محروم عوام کیلئے ٹرسٹ کی جانب سے کئی واٹر پراجیکٹس تعمیر کئے گئے ہیں، جن سے میانوالی، گلگت اور دیگر علاقوں کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ ٹرسٹ نے اب تک 1729 ہینڈ پمپ لگوا کر دیئے ہیں، یہ نلکے غریب افراد کے گھر اور عمومی مقامات جیسے مساجد، قبرستان، سکول، بازار وغیرہ میں لگائے جاتے ہیں، اب تک امام خمینیؒ ٹرسٹ کی طرف سے 27 آبادیوں میں ٹربائنز نصب کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ہر سال ماہ مبارک رمضان سے قبل ضلع میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان اور بھکر میں غریب خاندانوں میں مہینہ بھر کا راشن ان کی دہلیز پر پہنچایا جاتا ہے، جو ان کی خورد و نوش کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی شہروں میں ہر سال ماہ رمضان میں سحری و افطاری کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

کمر توڑ مہنگائی اور معاشی ناہمواری نے زندگی کے تمام پہلووں کو شدید متاثر کیا ہے، خاص طور پر بچوں کے والدین کسی مسیحاء کے منتظر ہوتے ہیں۔ ایسے میں امام خمینیؒ ٹرسٹ نے مفلس اور نادار گھرانوں کی بچیوں کی باعزت رخصتی کے لئے اجتماعی شادیوں کا سلسلہ کئی سالوں سے شروع کر رکھا ہے۔ جس کے تحت اب تک 3820 سے زائد اجتماعی شادیاں کرائی جا چکی ہیں۔ جن میں ہر جوڑے کو 70، 70 ہزار کا جہیز فراہم کیا جاتا رہا ہے۔ امام خمینیؒ ٹرسٹ اجتماعی شادیوں کے علاوہ انفرادی طور پر بھی جہیز کی بابت امداد کرتا رہا ہے، جس میں ہر گھرانے کو 20 سے 25 ہزار روپے تک کا مالی تعاون شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹرسٹ کے زیر سایہ ملک کے کئی علاقوں میں ہسپتال بھی چل رہے ہیں، جبکہ گاہے گاہے فری میڈیکل کیمپس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، جو فری کیمپنگ کرکے لوگوں کو آسان طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ ٹرسٹ کے زیراہتمام میانوالی اور اسلام آباد میں قائم ریسکیو سینٹرز کام کر رہے ہیں، جہاں ہزاروں افراد کو فوری طبّی امداد کی ٹریننگ دی چکی ہے۔

امام خمینیؒ ٹرسٹ کی طرف سے ہر سال عیدالفطر سے قبل ضلع میانوالی، بھکر، لیہ، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ہزاروں مستحق عوام میں لباس تقسیم کئے جاتے ہیں اور یہ سلسلہ گذشتہ 15 سال سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ ٹرسٹ مخیر حضرات کے تعاون سے اسوقت سینکڑوں یتیم بچے اور بچیوں کی سرپرستی کر رہا ہے، جس میں ماہانہ وظیفہ کے علاوہ سکول کی کتب، یونیفارم اور فیس ادائیگی شامل ہے۔ اس کے علاوہ روزگار سکیم کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو وسائل روزگار مہیا کئے جاتے ہیں اور آسان شرائط پر قرض الحسنہ فراہم کیا جاتا ہے، تاکہ وہ رزق حلال کما سکیں۔ اس کے علاوہ بیوہ خواتین اور یتیم بچیوں کو سلائی کڑاہی کی ٹریننگ دے کر ٹرسٹ کی طرف سے دستکاری مشینیں ہدیہ دی جاتی ہیں، تاکہ وہ خود روزگار حاصل کرسکیں۔

امام خمینیؒ ٹرسٹ ناگہانی حوادث اور قدرتی آفات کے موقع پر بھی انسانیت کی خدمت کیلئے پیش پیش رہا ہے، آزاد کشمیر میں زلزلہ کے فوراً بعد متاثرین میں گرم لباس 5000، جستی چادریں 2000، خیمہ جات 1000، ادویات مالیت 5 لاکھ روپے، گرم بستر 5000، گرم چادریں 5000، تیل کے چولہے 100، راشن کے 5000 پیک  تقسیم کئے گئے۔ سیلاب کے دوران ٹرسٹ کی جانب سے میانوالی، لیہ، بھکر، مظفرگڑھ، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، جھنگ، سرگودھا، رحیم یار خان میں راشن پیکٹس عوام میں تقسیم کئے گئے اور جو متاثرین اس سیلاب میں بے گھر ہوگئے تھے، ان کے 900 مکانات تعمیر کرائے گئے۔ اس کے علاوہ تقریباً 300 مکانات جو سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہوئے اور قابل مرمت تھے، ان کی مرمت کراوئی گئی۔ امام خمینیؒ ٹرسٹ کی طرف سے گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے پیش نظر میڈیکل کیمپس لگائے گئے، جن میں مریضوں کے لئے ہر سہولت فراہم کی گئی۔

یہ ٹرسٹ اپنی دینی خدمات میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہا ہے، پنجاب کے مختلف اضلاع میں اب تک 24 اور آزاد کشمیر میں 12 مساجد تعمیر کروائی گئی ہیں، اس کے علاوہ ملک بھر میں 50 سے زائد مساجد کی جزوی تعمیر و مرمت میں بھی تعاون کیا گیا ہے۔ امام خمینیؒ ٹرسٹ کی تبلیغات اسلامی کے حوالے سے خدمات کے تحت ملک کے مختلف اضلاع میں سو سے زائد مقامات پر مستقل پیش نماز حضرات اپنے تبلیغی فرائض انجام دے رہے ہیں اور سینکڑوں دینیات سنٹزر بھی قائم ہیں، جہاں پر بچوں کو قرآن اور بنیادی دینی تعلیمات دی جاتی ہیں۔ اس شعبہ کے تحت مبلغین و مبلغات کے لئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد اور ملک کے طول و عرض میں تبلیغی مشن روانہ کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کو علم و آگاہی فراہم کرنے اور مذہبی تنگ نظری و عدم برداشت کی روک تھام کے لئے امام خمینیؒ ٹرسٹ کی طرف سے مختلف اضلاع میں کانفرنسز، سیمینارز اور پروگرامز کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے، جن میں علماء، دانشور اور مفکرین شرکت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 973439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش