0
Thursday 23 Sep 2010 13:31

نشانہ ایران نہیں اسلام اور قرآن ہے

نشانہ ایران نہیں اسلام اور قرآن ہے
 آر اے سید
سن 80 کے عشرے میں ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رہ نے داخلی اور بیرونی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے دو کروڑ نفوس پر مشتمل فوج تشکیل دینے کا جو فرمان جاری کیا،وہ رضاکار فورس بسیج کی تشکیل کی صورت میں سامنے آیا۔
چنانچہ جب مشرق و مغرب اور بعض رجعت پسند ملکوں کے اکسانے پر عراق نے ایران پر حملہ کیا،تو رضاکار فورس بسیج کے جوانوں نے ہتھیار بند ہو کر صدامی فوجیوں کا ڈٹ کو مقابلہ کیا اور جانفروشی کی ایسی داستانیں رقم کیں کہ جن کی مثال عصر حاضر میں ملنا مشکل ہے۔
حال حاضر میں یہ تنظیم ایران کے سماجی،اقتصادی،تہذیبی میدانوں میں آج بھی جوش و جذبے کے ساتھ قائم و دائم ہے۔رضاکار فورس بسیج کے جوانوں نے ایران کے طول و عرض میں اپنے شعبے قائم کر رکھے ہیں اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص اس کی رکنیت حاصل کر سکتا ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کو تعمیر و ترقی کے شعبے سے وابستہ رضا کار فورس بسیج کے ہزاروں جوانوں سےخطاب کیا اور ملت ایران کو امت مسلمہ کی سعادت و رہائی کا علمبردار قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ دشمن ظاہر کرتا ہے کہ نشانہ ایران ہے،لیکن درحقیقت اس نے اسلام اور قرآن کو نشانہ بنا رکھا ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عشق و ایمان اور بصیرت و ہمت کو ملت ایران کی عظیم تحریک کا اصلی عنصر اور تعمیر و ترقی  کے شعبے کی روح قرار دیا اور تاکید فرمائی کہ ملت ایران کی عزت وپائیداری اور پیشرفت و ترقی کو آگے بڑھانے والی گاڑي،دین اسلام،معنویت اور قرآن ہے۔حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ملت ایران تاریخ کے خطرناک موڑ سےگذر رہی ہے،کہا کہ گذشتہ تیس برسوں میں ہم نے اس فیصلہ کن دور کے بہت سے خطرناک نقاط کو عبور کر لیا ہے،لیکن اس حساس تاریخی دور سے ابھی پوری طرح نہيں گذرے ہيں اور قوم اور حکام پوری ہوشیاری،تدبیر و تدبر غور و فکر اور نظم و انضباط سے اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ وہ لوگ جو انقلاب کے آغاز میں یہ کہہ رہے تھے کہ ایران کا اسلامی انقلاب تین دن یا ایک ہفتے میں ختم ہو جائے گا،اب یہ ڈینگیں نہيں مار رہے ہيں اور اس سے ان کی کمزوری اور ملت ایران کی طاقت کا پتہ چلتا ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایران پر مسلط کردہ جنگ کے دوران،بڑی طاقتوں کی جانب سے مالی،تشہیراتی اور اسلحہ کے ذریعے مدد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید فرمائی کہ جس صدام کو منہ زور عالمی طاقتوں نے آگے کیا تھا،وہ ذلت و رسوائی کے ساتھ مر گیا،لیکن انقلاب اسلامی اور ملت امام خمینی (رح) زندہ و پائیدار ہے۔

خبر کا کوڈ : 38000
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش