اسلام ٹائمز۔ عوامی شکایات پر تحصیل چیئرمین پاراچنار مولانا مزمل حسین نے وی سی چیئرمین ملک سید اصغر اور پی پی کرم کے انفارمیشن سیکرٹری تنویر حسین کے ہمراہ احساس پروگرام (بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام) کے آفس کا دورہ کیا۔ جہاں پر عوام کی شکایات سنیں اور اسٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ آبادی زیادہ ہونے اور اسٹاف کی کمی کی وجہ سے دن بہ دن بوجھ بڑھتا جا رہا ہے، اگر اسٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے تو ان شاء للہ عوام کے مسائل جلد حل کرینگے۔ تحصیل چیئرمین مولانا مزمل حسین نے کہا کہ ان شاء اللہ اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اپنی بھرپور کوشش جاری رکھیں گے اور عوام سے بھی گزارش ہے کہ سٹاف سے تعاون کریں۔ جلد از جلد سب کی رجسٹریشن کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔