0
Monday 15 Aug 2022 05:24

قم المقدسہ، یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے علمی و فکری نشست

اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر قم المقدسہ میں علمی و فکری ادارہ "سیاسیات" کی جانب سے 14 اگست بروز اتوار یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شخصیات نے شرکت اور خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ "سیاسیات" کی جانب سے منعقدہ اس نشست کا عنوان "قیامِ پاکستان کے مقاصد: مسائل، مشکلات، راہِ حل" تھا۔ پاکستان کے محقق اور تجزیہ نگار حجۃ الاسلام والمسلمین مفتی امجد عباس نے آئین پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آئین پاکستان کے چند مفید آرٹیکلز پر روشنی ڈالی اور آئین اور قانون کے فرق کو بیان کیا۔ حجۃ الاسلام والمسلمین زوار حسین علوی نے قیام پاکستان کے مقاصد، مشکلات اور ان کے راہِ حل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہما کے پاکستان بنانے کے لئے دیکھے گئے خوابوں اور منشورات کو بیان کیا۔

انہوں نے بعض اسلامی ممالک کے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بعض ذرائع پاکستان کے بھی اسرائیل سے تعلقات اور اس سے سفارتی تعلقات کی بحالی کی بات کر رہے ہیں جو کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریۂ پاکستان کے صریحاً خلاف ہے۔ ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اس نشست کے اگلے خطیب سرپرست مدرسہ امام علی (ع) قم المقدسہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید سلمان نقوی صاحب تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان، اسلام کے نام پر وجود میں آیا اور آئین پاکستان میں یہ بات موجود ہے کہ اس ملک کا کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے، جو ایٹمی پاور ہے اور اسی طرح محل وقوع کے اعتبار سے بھی پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے۔ حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ وطن عزیز پاکستان کی نعمتوں کی قدر کریں اور ملک کے باسیوں سے بہترین استفادہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 1009218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش