0
Saturday 17 Sep 2022 20:59

اربعین امام حسین (ع) کی مناسبت سے سرینگر میں جلوس عزاء

اسلام ٹائمز۔ شہداء کربلا کے اربعین کی مناسبت سے جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام چھتہ بل سرینگر میں مجلس و جلوس عزاء کا انعقاد ہوا، جس میں وادی کشمیر کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدتمندوں نے شرکت کرکے امام عالی مقام حضرت امام حسین (ع) اور آپ کے اصحاب و انصار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عزاداری کی مجلس کا آغاز صبح دس بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد ذاکرین کرام نے روایتی انداز میں مرثیہ خوانی کی اور اہلبیت (ع) کی عظمت، فضیلت اور شان و شوکت کے علاوہ مصائب کربلا بیان کئے۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے نماز ظہرین کے بعد عزاداروں کے جم غفیر سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے قیام کربلا کے اہداف و مقاصد بیان کرتے ہوئے کربلا کی تحریک کو عالم انسانیت کے لئے نجات دہندہ قرار دیا۔

مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ واقعہ عاشورہ کے بعد حضرت زینب (ع) نے اربعین کو علامتی تحریک بنا کر وہ کارنامہ انجام دیا کہ آج پوری دنیا کی نظریں اس تحریک پر لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) نے اپنی اور اپنے اہل و عیال و اصحاب و انصار کی قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کی تاکہ مذہبی اور انسانی اقدار قائم رہیں۔ لہٰذا ہمیں بھی شہداء کربلا کو رول ماڈل بنا کر دل و جان سے مذہب اور انسانی اقدار کی حمایت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم حسینی ہیں تو ہمارا مذہبی، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور اقتصادی طرز عمل امام حسین (ع) جیسا ہونا چاہیئے تاکہ رضائے الہی حاصل ہوسکے۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے اربعین ملین مارچ کو عالمی ذرائع ابلاغ کے لئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کربلا میں بلا لحاظ مسلک، ملت، مذہب اور رنگ و نسل کے کروڑوں افراد جمع ہیں جو انسانیت کے علمبردار حضرت امام حسین (ع) کو پرنم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کررہے تھے۔
خبر کا کوڈ : 1014843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش