0
Thursday 6 Oct 2022 06:13

شہادت امام حسن عسکری (ع) پر سامراء کے دردناک مناظر

اسلام ٹائمز۔ امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے روز سامراء کے در و دیوار عزاداری کا منظر پیش کرنے لگے اور لاکھوں زائرین نے مزار مطہر امامین عسکریین علیهم‌ السلام میں عزاداری کی۔ تفصیلات کے مطابق امام حسن عسکری (ع) کی شہادت کے روز سامراء میں امام مسموم کا روضہ ارادتمندوں سے کچھا کھچ بھر گیا، عراق کے مختلف شہروں سے لاکھوں زائرین سامراء پہنچے اور روضہ امام حسن عسکری (ع) کی زیارت کی۔ بغداد اور دیگر شہروں سے پیدل چل کر آنے والے زائرین نے گذشتہ شب یا اول صبح سامراء پہنچتے ساتھ ہی امام حسن عسکری (ع) کی شہادت پر عزاداری کی۔ گیارہویں امام کی شہادت کی مناسبت سے ان کے مزار پر ماتمی جلوس بپا کئے گئے، جبکہ یہ مقدس مقام لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور ہر کونے سے زائرین ماتم کرتے ہوئے حرم میں داخل ہو رہے تھے۔

اس سال سامراء میں "مشی" کے راستے میں 600 سے زائد موکب لگائے گئے تھے، ان میں سے بہت سے مواکب زائرین کے گزرنے کے بعد بند کر دیئے گئے اور ان مواکب کے خادمین بھی زائرین کے ہمراہی میں حرم امامین عسکریین علیهم‌ السلام کی جانب ہمقدم ہوگئے۔ اس کے علاوہ زائرین کی خدمت کے لئے سامراء اور حرم کے اطراف میں 80 موکب لگائے گئے تھے۔ حرم امامین (ع) میں زائرین کو سال میں روزانہ تین وقت کھانا دیا جاتا ہے جبکہ شہادت کے ان ایام میں تبرک تقسیم کرنے کے اوقات بڑھا دیئے جاتے ہیں، تاکہ دور دراز سے آئے ہوئے زوار حرم کے دسترخوان سے ہمہ وقت مستفید ہوسکیں۔ اسی دوران آٹھ ربیع‌ الاول کو شہادت امام حسن عسکری (ع) پر ماتمی دستے عزاداری کرتے ہوئے حرم میں داخل ہوتے ہیں اور سامراء کی فضاء میں ایک محشر بپا ہو جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1017846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش