QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو ریلی‘ جاری

27 Jan 2023 20:06

انڈین نشینل کانگریس نے کہا کہ جب تک سیکورٹی فراہم نہیں کی جائیگی تب تک ریلی کی پیش قدمی خطرے سے خالی نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ انڈین نشینل کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو ریلی‘ آج صبح کشمیر کے ضلع بانہال سے شروع ہوئی۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج بانہال علاقے میں پہنچ کر راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’بھارت جوڑو ریلی‘ میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت جوڑو ریلی جمعہ کی صبح بانہال ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوئی۔ ریلی کے دوران جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے سابق صدر غلام احمد میر اور نائب صدر رمن بلہ اور دیگر کئی لیڈران کے علاوہ لوگوں کی اچھی تعداد راہل گاندھی کے ہمراہ تھی۔ کنیا کماری سے 7 ستمبر کو شروع ہونے والی یہ ریلی 30 جنوری کو سرینگر میں اختتام پذیر ہوگی۔ کچھ دیر جاری رہنے کے بعد راہل گاندھی کی قیادت میں نکالی جا رہی انڈین نیشنل کانگریس کی ’بھارت جوڑو ریلی‘ بانہال میں روک دی گئی۔ کانگریس کا الزام ہے کہ ریلی میں سیکورٹی فراہم نہیں کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے سفر روکنا پڑا۔ کانگریس نے کہا کہ جب تک سیکورٹی فراہم نہیں کی جائے گی تب تک ریلی کی پیش قدمی خطرے سے خالی نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ریلی کے دوران پولیس کا نظام پوری طرح سے ٹوٹ گیا تھا اور بھیڑ کو سنبھالنے والے پولس اہلکار کہیں نظر نہیں آرہے تھے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ ’بھارت جوڑو ریلی‘ میں سیکورٹی میں کوتاہی ہوئی ہے، ہمیں سیکورٹی نہیں مل رہ،  ایسے میں ہم راہل گاندھی کو اس طرح آگے نہیں بڑھنے دے سکتے۔ اس سے پہلے بانہال میں نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے ساتھ ’بھارت جوڑو ریلی‘ میں شرکت کی۔ ریلی میں شامل ہونے سے پہلے انہوں نے کہا کہ وہ اس ریلی میں شامل ہوئے کیونکہ انہیں ملک کی شبیہ کی زیادہ فکر تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس میں کسی شخص کے امیج کے لئے نہیں بلکہ ملک کے امیج کے لئے اس میں شامل ہوئے۔ عمر عبداللہ نے مودی حکومت پر الزام لگایا کہ دہلی جموں و کشمیر کی آواز نہیں سنتی، ہماری آوازیں دبا دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کا تعلق کشمیری پنڈت خاندان سے ہے، ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر جموں و کشمیر میں انتخابات ہوتے ہیں تو بی جے پی کو پتہ چل جائے گا کہ وہ یہاں مقبول نہیں ہے، لوگ اس کے ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے ڈرپوک اور بزدل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1038036

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/1038036/1/مقبوضہ-کشمیر-میں-راہل-گاندھی-کی-بھارت-جوڑو-ریلی-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org