QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر، انجمن شرعی شیعیان کی استقبال ماہ رمضان تقریب

19 Mar 2023 08:47

مقررین نے اس متبرک مہینے کے فیوض و برکات اور عظمت و اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس ماہ مبارک میں امت مسلمہ کو تزکیہ نفس کیساتھ ساتھ اپنے اجتماعی امورات کی اصلاح اور اس پُرعظمت مہینے سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے صدر دفتر بڈگام پر استقبال ماہ رمضان کے سلسلے میں ایک پُروقار نشست کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں مختلف دینی انجمنوں کے سربراہوں اور نمائندوں کے علاوہ علماء دین، ائمہ جمعہ، زعماء ملت اور نوجوانوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ نشست کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری قمر علی صوفی نے حاصل کی۔ اس کے بعد استقبالیہ کلمات آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے بیان کئے، جس میں انہوں نے ماہ مبارک کا ماحصل تقوٰی قرار دیتے ہوئے سماجی ذمہ داریوں اور سماج میں پھیلے جرائموں کی روک تھام اور لائحہ عمل مرتب کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ناگفتہ بہہ معاشی و سماجی حالات بدعات و رسومات منشیات کے روز افزون اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خودکشی اور سفاکانہ قتل کے سانحات کو روکنے پر زور دیا۔ اس کے بعد جن معززین نے موضوع پر اظہار خیال کیا ان میں نمائندہ میرواعظ کشمیر سید شمس الرحمان، مولانا عاشق حسین قادری نمائندہ کاروان اسلامی جموں و کشمیر، محمد یاسین کرمانی نمائندہ مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام وغیرہ شامل ہیں۔

مقررین نے ماہ مبارک رمضان کے فیوض و برکات اور عظمت و اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس ماہ میں امت مسلمہ کو تزکیہ نفس کے ساتھ ساتھ اپنے اجتماعی امورات کی اصلاح اور اس پُرعظمت مہینے سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا، ساتھ ہی معاشرہ میں بڑھ رہی بے راہ روی سماجی جرائم  و رسومات، حق تلفیاں، اخلاقی و روحانی اقدار کا خاتمہ سفاکانہ قتل اور خودکشیوں کے واقعات وغیرہ کو دین سے دوری کا نتیجہ قرار دیا۔ اس موقعہ پر با اتفاق رائے ایک قرارداد پاس کی گئی جس میں سماجی بے راہ روی کو روکنے، علماء دین اور ائمہ مساجد کی ذمہ داریوں کو سمجھنے، محراب و مساجد کو خاموش کرنے کی کوشش اور علماء دین کو  پابند سلاسل کرنے اور روح رواں صدر مجلس علماء میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق چار سال سے مسلسل خانہ نظربندی بلا تاخیر ختم کرنے، وادی میں انجام پذیر ہونے والے بھیانک سماجی جرائم سویہ بگ بڈگام میں لرزہ خیز قتل سانحہ اور اس جیسے دیگر جرائم کو روکنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے پر زور دیا گیا۔ آخر پر جامعہ باب العلم کے طالبعلم سمیر حسین زالپوری کی کتاب ’’لب شیرین‘‘ کی رسم رونمائی کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 1047388

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/1047388/1/مقبوضہ-کشمیر-انجمن-شرعی-شیعیان-کی-استقبال-ماہ-رمضان-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org