اسلام ٹائمز۔ سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر میں شعبہ اردو اسکول آف لینگویجز کی جانب سے ’ادب و فلسفہ کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی پروفیسر حیات عامر حسینی تھے۔ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور مختلف طلباء نے ’ادب و فلسفہ‘ پر سیر حاصل بحث کی۔ درایں اثنا سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر نے یہاں بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منی گام اور گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کنگن میں لیگل ایڈ کلینک کے ذریعے قانونی آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔ مقررین نے مختلف مسائل کے بارے میں طلبہ کو آگاہ کیا۔ پروگرام میں جن موضوعات کا احاطہ کیا گیا، ان میں صارفین کے حقوق، بزرگوں کے ساتھ بدسلوکی، ماحولیاتی مسائل، گھریلو تشدد اور معذور افراد کے حقوق شامل تھے، جو معاشرے پر ان کی اہمیت اور اثرات کو اجاگر کرتے ہیں۔ یہ پروگرام ڈاکٹر ہلال احمد نجار، اسسٹ پروفیسر اور لیگل ایڈ کلینک کی مہارت کے تحت منعقد کیا گیا۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران احد اور ڈاکٹر عظمیٰ قادری نے طلباء کی مختلف مسائل میں رہنمائی کی۔ پروگرام میں نہ صرف قانونی مسائل کی ایک وسیع رینج کے بارے میں علم فراہم کیا گیا بلکہ طلباء کے اعتماد اور پبلک سپیکنگ کی مہارت کو بھی پروان چڑھایا گیا۔ اس دوران انعامات سے نمایاں طلباء کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔