0
Wednesday 17 Oct 2012 00:07

استقبالیہ

اسلام ٹائمز۔ تحریک وحدت اسلامی کے زیراہتمام لاہور میں سابق اولمپیئن اختر رسول کی رہائش گاہ پر سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ جس میں سیاسی، مذہبی اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور امام خمینی ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ افتخار حسین نقوی، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر پنجاب رانا اکرام ربانی، تحریک وحدت اسلامی مولانا جاوید اکبر ساقی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور ڈاکٹر عباس فاموری، جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے صدر سید معصوم حسین نقوی، کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی نے کہا کہ دہشت گردی سے اسلام کا تشخص بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔ اگر خودکش حملے امریکہ دشمنی میں کیے جاتے ہیں تو خودکش حملے کرنے والوں کا ایران سے اتحاد ہونا چاہیے تھا۔ جو دنیا بھر میں امریکہ دشمنی میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی اختلافات بھی خود ساختہ ہیں۔ اگر اسلام کے دونوں فرقوں میں فساد ہونا ہوتا تو پاکستان کے ہر گلی محلے میں ایسا ہوتا، مگر عوامی سطح پر لوگ باہم شیر و شکر ہیں۔ علامہ افتخار حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ یہاں لادینیت کو دین بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ سوات کی طالبہ ملالہ یوسف زئی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے اسے اسلام دشمن اور جاہلوں کی کارروائی قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 204141
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش