0
Saturday 20 Jul 2013 12:11

فلسطین نمائش

اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ’’ فلسطین مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر ‘‘ مہم کے تحت کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر خراسان روڈ پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں خواتین و مرد حضرات سمیت بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تصویری نمائش کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے عوام کو فلسطین میں رونما ہونے والے حالات و واقعات اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے غاصب اسرائیلی مظالم کی تصویر کشی کرنا تھا۔ اس موقع پر درجنوں تصویریں آویزاں کی گئی تھیں جن میں غاصب صیہونی اسرائیلی افواج کے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا۔

تصویری نمائش میں لگائی گئی متعدد تصویروں میں ایک تصویر انتہائی دکھ اور فلسطینیوں کے غم کی عکاسی کر رہی تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ ایک ماں اپنے معصوم بچے کو بچانے کے لئے اسے گود میں چھپا رہی ہے لیکن غاصب صہیونی فوجیوں نے اس ماں کو قتل کرنے کے بعد اس کے بچے کو بھی گولیوں سے چھلنی کر دیا ہے۔ اسی طرح ایک اور تصویر فلسطینیوں پر اسرائیلی دہشت گردی کی بھرپور عکاسی کرتے ہوئے نظر آ رہی تھی جس میں واضح تھا کہ ایک ادھیڑ عمر خاتون کو تین اسرائیلی فوجی مل کر زد و کوب کر رہے ہیں۔ دیگر تصاویر میں دکھایا گیا تھا کہ مسجد اقصیٰ (بیت المقدس) پر غاصب صیہونی افواج چڑھائی کر رہی ہیں اور مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس موقع پر تحریک آزادی فلسطین کے عظیم مجاہدوں شہید شیخ احمد یاسین، شہید فتحی شقاقی، لیلیٰ حباش، شہید عبد العزیز رنتیسی، شہید عباس موسوی، شہید جعبری سمیت دیگر شہداء کی تصویریں بھی آویزاں کی گئی تھیں جبکہ تحریک آزادی فلسطین و قدس کے مجاہد کمانڈروں سید حسن نصر اللہ، خالد مشعل، اسماعیل ہنیہ اور دیگر کی تصویریں بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے تاریخ فلسطین پر ایک جامعہ ویڈیو ڈاکیومنٹری بھی چلائی گئی جسے عوام نے بے حد پسند کیا۔
خبر کا کوڈ : 284947
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش