QR CodeQR Code

محسنین ملت کانفرنس

23 Aug 2015 22:43

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں ممتاز اسکالر کا کہنا تھا کہ افسوس اس بات کا ہوتا ہے کہ ہم ڈاکٹر محمد علی نقوی کو فقط نعروں میں تلاش کرتے ہیں۔ ان کی زندگی کا ہر پہلو میں ہمارے لئے مشعل راہ ہے، وہ خط ولایت اور اپنے نظریات میں مکمل طور پر واضح انسان تھے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی کے زیر اہتمام محسنین ملت کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر علی مرتضیٰ زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اہم مقامات پر ملت تشیع کے محسنین و سفیران ولایت کی خدمات و کاوشوں کو متعارف اور ان کے افکار کو زندہ کرنے کا یہ سلسلہ جو آئی ایس او نے آغاز کیا ہے قابل تحسین ہے، اس عمل کو ملک بھر میں جاری رہنا چاہئے، انہوں نے محسنین ملت کی بیمثال کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام محسنین ملت جن میں شہید حسینی، قائد مفتی جعفر، علامہ صفدر نجفی، مولانا صدر الفاضل اور آغا علی موسوی شامل ہیں کی انتھک محنتوں قربانیوں کا تحفہ یا ثمر اگر کسی شکل میں موجود ہے تو وہ آئی ایس او ہے، سید مرتضی زیدی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی نوجوانوں کیلئے عملی نمونہ ہیں، افسوس اس بات کا ہوتا ہے کہ ہم ڈاکٹر محمد علی نقوی کو فقط نعروں میں تلاش کرتے ہیں۔ ان کی زندگی کا ہر پہلو میں ہمارے لئے مشعل راہ ہے، وہ خط ولایت اور اپنے نظریات میں مکمل طور پر واضح انسان تھے۔

ڈاکٹر علی مرتضیٰ زیدی کا کہنا تھا کہ جو چاہتا ہے کہ وہ ڈاکٹر صاحب کی سیرت پر عمل کرے، اسے ڈاکٹر نقوی کی 20 سال قبل اپنائی گئی لائن پکڑنے کے بجائے، وہ ڈاکٹر صاحب کی طرح پندرہ سے بیس سال آئندہ کی پلاننگ کرے۔ ڈاکٹر نقوی کی شخصیت کا یہ خاصا تھا کہ وہ بیس سال آئندہ کی پلاننگ کرتے تھے اور اپنے تمام کاموں کیلئے ہم خیال دوستوں کی ٹیم تشکیل دیتے تھے۔ ڈویژنل صدر وفا نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانان ملت کی نظریاتی و نہضتی تربیت وقت کا تقاضا ہے، اس لئے مختلف علمی شخصیات، علما کرام، مذہبی اسکالرز اور دانشور حضرات سے استفادہ کرتے ہوئے سیمینارز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ملت کے باشعور جوانوں کی علمی و فکری پیاس بجھائی جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 481541

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/481541/1/محسنین-ملت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org