QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی کی سلام شہداء ریلی

17 Oct 2016 04:13

اسلام ٹائمز: بلاول بھٹو نے دعا سے اپنے سفر کا آغاز کیا، پھوپھی فریال تالپور نے انہیں امام ضامن باندھا، سلام شہداء ریلی بوٹ بیسن، ٹاور، لی مارکیٹ، نمائش چورنگی سے ہوتی ہوئی کارساز پہنچی، جہاں بلاول بھٹو زرداری نے تاریخی جلسہ عام سے خطاب کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سانحہ کارساز میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں بلاول ہاؤس کراچی سے کارساز تک سلام شہدا ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر موجود تھا۔ اٹھارہ اکتوبر کا دن پیپلز پارٹی کیلئے تو یادگار تھا ہی، مگر 2016ء کے 16 اکتوبر کو بھی پاکستان پیپلز پارٹی نے یادگار بنا ڈالا، صرف ایک جلسے کے خاطر پورا شہر پی پی قلعہ میں تبدیل ہوگیا۔ بلاول بھٹو نے دعا سے اپنے سفر کا آغاز کیا، پھوپھی فریال تالپور نے انہیں امام ضامن باندھا۔ بلاول ساڑھے دس بجے کے قریب بلاول چورنگی پہنچے۔ مختلف علاقوں سے پی پی پی کے کارکنان ریلیوں کی شکل میں بلاول چورنگی اور کارساز پہنچے۔ بلاول کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، شہلا رضا، شیری رحمان، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سید خورشید شاہ اور پی پی پی کے دیگر رہنماء موجود تھے۔ آصفہ اور بختاور بھی جیالوں میں گھل مل گئیں۔ سلام شہداء ریلی بوٹ بیسن، ٹاور اور لی مارکیٹ سے ہوتی ہوئی لیاری پہنچی تو جیالوں کی بڑی تعداد نے بلاول بھٹو اور ان کے ساتھیوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بلاول نے جیالوں سے دھواں دار خطاب بھی کیا۔ بلاول بھٹو نے نمائش چورنگی پر بھی کارکنوں سے مختصر خطاب کیا اور مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کارساز پہنچ کر بلاول بھٹو زرداری نے تاریخی جلسہ عام سے خطاب کیا۔ پی پی پی کی ریلی میں نوجوان جیالوں کے ساتھ ساتھ سینئر جیالے بھی محو رقص نظر آئے۔ پیپلز پارٹی کی سلام شہداء ریلی کیلئے شہر کی متعدد سڑکیں بند کر دی گئیں، گلی گلی ناکے اور بند سڑکیں شہریوں کو منہ چڑھاتے رہے، بسوں کی پکڑ دھکڑ کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب رہی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کہیں ایمبولینسوں میں مریض پھنسے رہے، تو کہیں جنازے کی گاڑی کیلئے راستہ نہ ہونے کے باعث پیدل ہی میت کو لے جانا پڑا۔


خبر کا کوڈ: 576016

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/576016/1/پیپلز-پارٹی-کی-سلام-شہداء-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org