0
Saturday 17 Dec 2016 21:41

مقبوضہ کشمیر،ہفتہ وحدت کی عظیم الشان ریلی

اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے تنظیم کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی سرپرستی میں مقبوضہ کشمیر بھر میں ’’ہفتہ وحدت‘‘ کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں امام بارگاہ ہری نارہ پٹن میں تنظیم کے اہتمام سے ایک پُروقار سیرتی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں تنظیم کے حوزات علمیہ جامعہ باب العلم سے منسلک سینکڑوں شاخہائے مکاتب میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے علاوہ مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل میلاد النبی (ص) سے تنظیم کے شعبہ تبلیغ اور شعبہ تعلیم سے وابستہ علمائے دین و معلمین نے خطاب کیا۔ مقررین نے سیرت نبی (ص) کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ عالم اسلام کو در پیش مسائل اور دنیائے اسلام کی موجودہ صورتحال کے اسباب و محرکات کی نشاندہی کرتے ہوئے اسوۂ رسول خدا (ص) کو اسلام اور امت کی سربلندی اور شان رفتہ کی بحالی کا ناگزیر تقاضا قرار دیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پیغمبر اکرم (ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع) کے یوم ولادت باسعادت کے موقعہ پر فرزندان رسالت و امامت کو ہدیہ تہنیت پیش کیا۔ اس عید سعید کی مناسبت سے منعقد کی جارہی تقریبات کی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم (ص) کی ذات اقدس مسلمانوں کے باہمی اتحاد و اخوت کا سرچشمہ ہے۔ عشق رسول کے سامنے فروعی اختلافات کی کوئی قدر و قیمت نہیں رہتی۔ انہوں نے کہا کہ استکباری قوتوں کو عشق رسول میں پوشیدہ اتحادی صلاحیتوں کا بھرپور اندازہ ہے۔ اسلئے عقیدہ عشق رسول کو تقویت بخشنا وقت کی پکار ہے اور عقیدہ عشق رسول کا شاندار مظاہرہ اسلام دشمن استکباری قوتوں کے عزائم کا بہترین توڑ ہے۔ آغا سید حسن نے بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینیؒ کے جذبہ اتحاد ملت کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امام خمینیؒ کے مشنِ اتحاد ملت کی آبیاری کیلئے جو پالیسی اختیار کر رکھی ہے وہ تمام اسلامی دنیا کیلئے ایک نمونہ عمل ہے۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ’’ہفتہ وحدت‘‘ کی اختتامی تقریب آج جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں منعقد ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 592463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش