QR CodeQR Code

کشمیری طلاب کی احتجاجی لہر کا دائرہ وسیع

22 Apr 2017 12:38

طلاب اور فورسز کے درمیان شدید نوعیت کی جھڑپوں کے نتیجے میں کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ اس طرح تعلیمی نظام مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا کیونکہ ہائر سکینڈری اسکولوں میں زیر تعلیم طلاب سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں طلاب کی جاری احتجاجی لہر کا دائرہ وسیع ہونے کے بیچ آج شہر و قصبہ جات میں کئی مقامات پر مشتعل طلاب اور قابض فورسز میں تصادم آرائیاں ہوئیں، جس دوران شہر خاص کی ایک دوشیزہ سمیت درجن سے زیادہ طلاب زخمی ہوگئے۔ اس دوران نواکدل سرینگر، بانڈی پورہ، کنگن، کرالہ گنڈ ہندوارہ اور گوش بگ پٹن کے علاوہ دیگر مقامات پر پولیس و قابض فورسز اہلکاروں نے طلاب پر لاٹھی چارج، آنسو گیس اور پاوا شلنگ کی جبکہ چھترگل کنگن میں قابض فورسز نے مبینہ طور پر ہائر سیکنڈری اسکول کے اندر داخل ہو کر احتجاجی طلاب کی شدید مار پیٹ کی۔ دریں اثناء کشمیر بھر میں مسلسل پانچویں روز کالج بند رہے جبکہ موبائیل انٹرنیٹ سروس چھٹے روز معطل رہی۔ طلاب اور فورسز کے درمیان شدید نوعیت کی جھڑپوں کے نتیجے میں کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ اس طرح تعلیمی نظام مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا کیونکہ ہائر سکینڈری اسکولوں میں زیر تعلیم طلاب سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ نواکدل میں مشتعل نوجوانوں نے پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوئی اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ پندرہ اپریل کو پلوامہ ڈگری کالج میں قابض فورسز کے داخلے پر احتجاج ہوا، جس دوران فورسز کی کارروائی میں پچاس طلاب زخمی ہوئے اور اس ایک واقعہ نے مقبوضہ کشمیر بھر میں طلاب احتجاجی لہر کو جنم دیا، جو ہنوز جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 629680

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/629680/1/کشمیری-طلاب-کی-احتجاجی-لہر-کا-دائرہ-وسیع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org