QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ''محسن انسانیت کانفرنس"

25 Sep 2017 12:58

رہنمائوں نے اپنے خطابات میں کہا کہ دشمنان اسلام کسی نہ کسی بہانے سے وحدت اسلامی کے مضبوط قلعے پر وار کرنا چاہتے ہیں اور وہ مذہبی لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں کی صفوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی تاک میں لگے رہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ٹی ہائوس ملتان میں ''محسن انسانیت کانفرنس'' کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، معاون سیکرٹری سیاسیات محسن شہریار، صوبائی سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی، ممبر صوبائی امن کمیٹی شفقت حسنین بھٹہ، مخدوم عباس رضا مشہدی، امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف محمود اخوانی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد چشتی، ضلعی رہنما آصف چشتی، پاکستان سنی تحریک کے رہنما ڈاکٹر عمران مصطفی قادری، متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قریشی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما حافظ اللہ ڈیوایا لاشاری، منہاج علماء کونسل کے خواجہ عاشق سعیدی، قومی امن کمیٹی پاکستان کے چیئرمین پیر عمر فاروق بہلوی، کوارڈینیٹر ڈاکٹر غضنفر ملک، سید محمد علی رضوی، پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان رائو محمد عارف رضوی، تحریک منہاج القرآن کے رہنما جواد صادق، خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کی ڈائریکٹر خانم زاہدہ بخاری، میاں عامر محمود نقشبندی، ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، مہر سخاوت علی سیال اور قلب عابد خان نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام ظلم و باطل کے خاتمے اور دین و شریعت کی بالا دستی کیلئے تجدید عہد کا مہینہ ہے، رہنمائوں نے ماہ محرم الحرام کے دوران اخوت اسلامی کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم جلوسوں میں شرکت کرکے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد ملی کی دشمن قوتوں کو واضح پیغام دے۔ رہنمائوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کسی نہ کسی بہانے سے وحدت اسلامی کے مضبوط قلعے پر وار کرنا چاہتے ہیں اور وہ مذہبی لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں کی صفوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی تاک میں لگے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا درسگاہ اتحاد اور درسگاہ مساوات ہے، لہذا ہمیں چاہئے کہ ایام عزا میں ان تمام چیزوں کو مدنظر رکھ کر عزادری کے مراسم انجام دیئے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 671806

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/671806/1/ایم-ڈبلیو-کے-زیراہتمام-محسن-انسانیت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org