QR CodeQR Code

علامہ ساجد علی نقوی کی جلوس میں شرکت

1 Oct 2017 11:16

9 محرم کے جلوس عزاء میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو میں علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت عزاداری سیدالشہداء کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ خاص طور پر پنجاب میں، یہ وہ کام ہے جو اس سے پہلے تکفیری گروہ کرتا تھا، آج وہ کام سرکاری اداروں نے سنبھال لیا۔ مجالس اور جلوس عزاء کے خلاف پولیس کی لشکر کشی ہوتی ہے۔ مجالس و جلوس ہائے عزا ہمارا بنیادی حق ہے، اس سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان و سربراہ مرکزی محرم الحرام کمیٹی، سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ، سیکرٹری مرکزی محرم الحرام کمیٹی پاکستان علامہ فرحت عباس جوادی، ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل علامہ سید نصیر حسین موسوی، ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل اسلام آباد سید محمد علی کاظمی اور اس کے علاوہ جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر عبداللہ رضا اور دیگر علماء کرام و عہدیداران کے ہمراہ 9 محرم کے مرکزی جلوس علم و ذوالجناح اسلام آباد میں شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اور جلوس کسی مکتبہ فکر کے خلاف نہیں اور ہمارا یہاں ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ اس کے کسی کے خلاف ہونے کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا۔ اس لئے کہ ہم پاکستان میں اتحاد امت کے داعی ہیں اور اتحاد امت کے بانیوں میں سے ہیں۔ ہم نے یہاں ابتداء ڈالی ہے اتحاد امت کی، تمام مسالک کو تمام مکاتب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا امتیاز ہمیں حاصل ہے۔ میں اتحاد کے بانیوں میں سے ہوں، اسلئے جلوس و مجالس پر قدغن لگانے، عزاداری کو محدود کرنے یا رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنا ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہوگا، اس لئے کہ ہم اپنے بنیادی حق اور شہری آزادی سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔


خبر کا کوڈ: 673293

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/673293/1/علامہ-ساجد-علی-نقوی-کی-جلوس-میں-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org