QR CodeQR Code

مسلم لیگ نون کا ملتان میں جلسہ عام

22 Jul 2018 23:42

ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں مسلم لیگ نون کے صدر نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ، پولیس، الیکشن کمیشن کان کھول کر سن لیں، ووٹرز کو روکا گیا تو پورا پاکستان ہوگا اور آپ لوگ ہونگے، الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو میں سیلاب نہیں روک سکوں گا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ جیلیں اور ہتھکڑیاں پہلے بھی برداشت کی ہیں، نواز شریف سے ایسا سلوک ہو رہا ہے جیسے انہوں نے پاکستان سے دشمنی کی ہے، ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ، پولیس، الیکشن کمیشن کان کھول کر سن لیں، ووٹرز کو روکا تو پورا پاکستان ہوگا اور آپ لوگ ہوں گے، الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو میں سیلاب نہیں روک سکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے کسی امیدوار سے غلطی ہوگی تو معافی مانگتا ہوں، ڈیڑھ سال میں ملتان میں ٹیکنیکل یونیورسٹی بنا دوں گا، ایک سال میں ملتان نشتر اسپتال کو بہترین کر دوں گا۔ نون لیگی صدر نے مزید کہا کہ الزام خان الیکشن کے بعد مجھے موقع ملا تو بہاولپور میں میٹرو بنائوں گا، عمران خان کہتا تھا کہ جنگلہ بس نہیں بنائوں گا، خیبر پختونخوا کی حکومت نے پشاور میٹرو پر 40 ارب روپے برباد کئے، وہاں کی حکومت نے بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ دیا، جس نے پشاور کو کھنڈر بنا دیا اور لاہور میٹرو سے زیادہ رقم خرچ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی سیلاب کے آگے میں گولی کھاوں گا لیکن آپ کا ووٹ محفوظ کروں گا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے نواز شریف کے ساتھ ایسا سلوک ہو رہا ہے جیسے انہوں نے ملک سے دشمنی کی ہے، دوسری جانب فریال تالپور اور آصف زرداری کو کہا گیا کہ الیکشن کے بعد دیکھیں گے، ان کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی کے خلاف رات 12 بجے کے قریب فیصلہ دیا گیا، الیکشن کمیشن نے ان کے حلقے میں انتخابات ملتوی کرکے اچھا کیا لیکن سب کو الیکشن کے بعد کی تاریخ مل گئی اور حنیف عباسی کو جکڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو پتہ چل گیا تھا کہ حنیف عباسی 70 ہزار سے شکست دے گا، اس لئے انہیں عدالت کا سہارا لینا پڑ گیا۔ صدر مسلم لیگ نون کا کہنا تھا کہ ووٹ کی پرچی سے نواز شریف، مریم نواز اور حنیف عباسی کو جیل سے نکالیں گے۔


خبر کا کوڈ: 739608

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/739608/1/مسلم-لیگ-نون-کا-ملتان-میں-جلسہ-عام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org