QR CodeQR Code

ملی یکجہتی کونسل کا استقبال محرم سیمینار

9 Sep 2018 20:58

سیمینار میں شیعہ کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ثاقب اکبر، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نذیر احمد جنجوعہ، امیر جماعت اسلامی و صدر ملی یکجہتی کونسل لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد، علامہ عارف حسین واحدی، ڈاکٹر فاورق، عبدالمالک حیات، قاری غلام مرتضیٰ، سید عبدالواحد، طلعت عباس، قاری فضل اکبر، علی عباس، صدیق الرحمن، ڈاکٹر احسان سمیت بڑی تعداد میں علمائے کرام نے شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ شہادت امام حسینؑ یزیدیت اور آمریت کے خلاف ایک عظیم جہاد کا نام ہے، ہمارے دشمن کا ایجنڈا بڑا واضح ہے، وہ پاکستان میں فرقہ واریت اور فساد کیلئے قوم میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ملی یکجہتی کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں شیعہ کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ثاقب اکبر، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نذیر احمد جنجوعہ، امیر جماعت اسلامی و صدر ملی یکجہتی کونسل لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد، علامہ عارف حسین واحدی، ڈاکٹر فاورق، عبدالمالک حیات، قاری غلام مرتضیٰ، سید عبدالواحد، طلعت عباس، قاری فضل اکبر، علی عباس، صدیق الرحمن، ڈاکٹر احسان سمیت بڑی تعداد میں علمائے کرام نے شرکت کی۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں دینی طبقات کو ہر قسم کے فسادات اور دشمن کی مذموم سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا ہوگا، شہادت حسین ظلم و ناانصافی اور دین کے خلاف ہونیوالی سازشوں کے خلاف سیسہ سپر ہونے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی عظیم الشان قربانی اور شہادت کو آج کے مسلمانوں کیلئے راہ مشعل ہے۔ اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین  واحدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پوری امت کیلئے ایک بڑی نعمت ہے، ہمیں ایک دوسرے کا عزت و احترام کرنا چاہیے، یہی ہمارا دین اسلام ہمیں درس دیتا ہے، صحابہ کرام اور امہ مومنین کو برا بھلا کہنے والوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، مقدس مہینے میں ہمیں دشمنوں کی سازشوں کے شر سے بچنا ہوگا، جو ہمارے اندر نفرت پھیلانا چاہتے ہیں۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ کربلا کی جنگ دو نظریوں اور کرداروں کی جنگ تھی امام حسینؑ کی قربانی سے یہ درس ملتا ہے کہ اسلام کوئی اتنا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہے کہ اس کے لئے نواسہ رسول اپنی جان قربان کر سکتا ھے اپنے عزیزان اور انصار کی قربانی دے سکتا ہے اور یہ اعلان کرتے رہے کہ قیامت تک مجھ جیسا کبھی یزید جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا یعنی ہر دور کے حسینی اس دور کے یزیدی کے مقابلے میں نہیں جھکیں گے۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ امام حسینؑ دنیا کے ہر مسلمان بلکہ ہر حریت پسند کی آواز ہے، ہر مسلک کے لوگ اپنے اپنے انداز میں یاد مناتے ہیں، ہزاروں جلوس، لاکھوں مجالس اور پروگرام ہوتے ہیں، ان میں شہداء کربلا کے مقدس اہداف اور مقاصد کو بیان کیا جائے اتحاد امت کے لئے پیغام دیا جائے، پیام پاکستان بیانیہ کو اسکی روح کے مطابق بیان کیا جائے، اسلام کے اعلیٰ اور ارفع اصولوں کو دنیا تک پہنچایا جائے، ایک دوسرے کے مقدسات کی توہین نہ کی جائے تو وطن عزیز امن کا گہوارہ بنے گا اور دنیا میں ملکی عزت و عظمت میں اضافہ ہوگا۔ جماعت اسلامی کی ویب سائیٹ پر نشر کی گئی رپورٹ کے مطابق شیعہ کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر علامہ ثاقب اکبر نے کہا کہ امت کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت بن چکاہے، ملی یکجہتی کونسل لاہور نے بر موقع آج کے پروگرام کا اہتمام کر کے اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو پیدا کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ محرم الحرم ہمیں بحیثت مسلمان دین اسلام کیلئے سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ عطا کرتا ہے، حضرت امام حسین ؑنے اپنی اور اپنے اہلخانہ کی جان قربان کر کے ہمیں اس بات کا سبق دیا ہے کہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کا دین ہماری جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلا م کے لیے ہمیں اپنا سب کچھ قربان بھی کرنا پڑے تو اس سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے، حضرت امام حسینؑ کسی ایک گروہ یا فرقے کے امام نہیں بلکہ پوری امت کے امام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت مسلمان اختلافات کے باوجود ہم سب ایک ہیں ایک قوم ہیں ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں، شیعہ اور سنی کے اختلافات ہمارے دشمن کی مزموم سازش ہے جس سے ہمیں ہر صورت ہوشیار رہنا ہوگا ۔ پروگرام کے آخر میں ملی یکجہتی کونسل لاہور کے صدر ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے پروگرام میں شریک علماء کرام کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ملی یکجہتی کونسل محرم الحرام میں مہذہبی رواداری، احترام اور امن کو یقینی بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔  
 


خبر کا کوڈ: 749072

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/749072/1/ملی-یکجہتی-کونسل-کا-استقبال-محرم-سیمینار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org