0
Thursday 20 Sep 2018 21:37

کراچی، 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس

اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو خراسان روڈ، نمائش چورنگی اور ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کی قیادت پاک حیدری اسکاؤٹس کے چاک و چوبند دستے نے کی، جبکہ اس موقع پر اسکاؤٹس رابطہ کونسل کے پلیٹ فارم پر موجود مختلف اسکاؤٹس گروپس کے ہزاروں رضاکاروں نے جلوس کی سیکیوریٹی کے فرائض انجام دیئے۔ جلوس میں عزاداران امام حسین (ع) کی بہت بڑی تعداد شریک تھی، جن میں بچے، جوان، بوڑھے اور خواتین سمیت ہر سطح کے افراد نے شرکت کی۔ جلوس میں علم عباس (ع)، شبیہہ ذوالجناح و شبیہہ تابوت امام حسین (ع) بھی موجود تھیں۔ جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر ایم جناح روڈ پہنچا جہاں امام بارگاہ علی رضا (ع) کے سامنے عزاداران امام حسین (ع) نے مولانا سید صادق رضا تقوی کی اقتداء میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ نماز کا اہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

بعد ازاں عزادارن امام حسینؑ نے امریکا، اسرائیل اور ان کے منسلک یزیدی قوتوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکا اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔ نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کو روک کر مسجد و امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر لاپتہ شیعہ افراد کے اہلخانہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں انہوں نے چیف جسٹس پاکستان، آرمی چیف، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ سے اپنے لاپتہ پیاروں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے بعد جلوس صدر، ریگل چوک، تبت سینٹراور کھارادر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کے ساڑھے سترہ ہزار سے زائد اہلکار تعینات تھے، جبکہ اس موقع پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جاتی رہی۔
خبر کا کوڈ : 751189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش