0
Sunday 23 Dec 2018 14:57

صوبائی مشیر تعلیم و وزیر صحت کا دورہ وزیرستان

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان اور مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے پہلی مرتبہ وزیرستان کا دورہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور میرانشاہ ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں قائم زنانہ ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت کو ضلعی صحت افسر و دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ عوام کو علاج معالجے کے سلسلے میں درپیش مسائل بہت زیادہ ہیں جن پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ بعدازاں قبائلی مشران سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کا کہنا تھا کہ میرانشاہ میں لیول ون ٹراما سنٹر کے ساتھ ساتھ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا جائے گا جن کے ساتھ عوام کو بہترین صحت سہولیات حاصل ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے ہر فرد کو صحت سہولت کارڈ جاری کیا جائے گا اور پشاور میں عوام کو صحت کے حوالے سے جو آسانیاں میسر ہیں قبائلی عوام کو ان فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی ہیڈکوارٹر اور زنانہ ہسپتال کیلئے عملے اور ضروری آلات کی فراہمی کے علاوہ کئی ایک ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دی۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو میں صوبائی وزیرصحت کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد شمالی وزیرستان میں صحت سہولیات کا اندازہ لگانا تھا تاہم یہاں آکر انہیں احساس ہوا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے اس سلسلے میں یہاں بہت کام کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور گورنمنٹ ہائی سکول وانا کو سیکنڈری سکول کا درجہ دینے اور ایجوکیشن آفس کو ٹانک سے جنوبی وزیرستان منتقل کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر قبائلی مشران سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے احکامات کی روشنی میں قبائلی عوام کے بنیادی مسائل حل کئے جائیں گے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم کے احکامات کے بعد خیبر پختونخوا کابینہ کے وزراء کی جانب سے قبائلی اضلاع کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے، چند روز قبل صوبائی وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے باڑہ قبائلی ضلع خیبر کا دورہ کیا تھا۔ علاوہ ازیں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا دورہ بھی جلد متوقع ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وزیراعلٰی اس موقع پر بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 768263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش