QR CodeQR Code

سعودی ولی عہد کے اعزاز میں الوداعی تقریب اور رخصتی

18 Feb 2019 19:44

وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر خود گاڑی ڈرائیو کرکے سعودی ولی عہد کو نور خان ائیربیس لیکر پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورہ مکمل کرکے پاکستان سے روانہ ہوگئے۔ روانگی سے قبل نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کے شاندار مستقبل پر یقین رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کو وزیراعظم عمران خان ایوان صدر لائے، جہاں انکے اعزاز میں تقریب ہوئی۔ ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ارکان بھی شریک تھے۔ صدر مملکت کی جانب سے معزز مہمان کو نشانِ پاکستان عطا کیے جانے کے بعد ظہرانہ دیا گیا۔ ایوانِ صدر میں تقریب کے بعد سعودی ولی عہد نے واپسی کے دوران صدر مملکت اور کابینہ اراکین سے الوداعی مصافحہ کیا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر خود گاڑی ڈرائیو کرکے سعودی ولی عہد کو نور خان ائیربیس لے کر پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس کے بعد معزز مہمان واپس روانہ ہوئے جہاں وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر وزراء سمیت ڈی جی آئی ایس پی آر نے انہیں الوداع کیا۔ روانگی سے قبل نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کے شاندار مستقبل پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پڑوس میں دو بڑی معیشت ہیں، ایک طرف چین اور ایک طرف بھارت ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان ان دونوں ہمسایوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اہلیت رکھتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 778708

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/778708/1/سعودی-ولی-عہد-کے-اعزاز-میں-الوداعی-تقریب-اور-رخصتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org