QR CodeQR Code

اسلام آباد، شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے مظاہرہ

2 May 2019 13:59

آئی ایس او کے ڈویژنل صدر کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کراچی میں جاری دھرنے کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور حکام بالا سے مطالبہ کرتی ہے کہ ملت جعفریہ کے بےگناہ لاپتہ افراد کو رہا کیا جائے، ورنہ آئی ایس او پاکستان شہر شہر نہ ختم ہونے والے احتجاج کی کال دیگی۔


اسلام ٹائمز۔ خانوادہ ہائے اسیران ملت جعفریہ کے زیر اہتمام اسلام آباد پریس کلب کے سامنے، کراچی دھرنے کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر جبری گمشدہ افراد کی فوری بازیابی اور کراچی صدارتی کیمپ آفس کے سامنے تین دن سے جاری دھرنے کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء شیبر ساجدی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسیران کے خانوادہ کے مطالبات اور احساسات کا خیال کرتے ہوئے لاپتہ افراد کے فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے، اگر کوئی کسی جرم کا مرتکب ہوا ہے اس کو عدالتوں پیش کیا جائے، کئی سالوں سے بے گناہ افراد کو لاپتہ کیا ہوا ہے جس کے سبب یہ فیملیز قیامت کی گھڑی سے گزر رہی ہیں۔

انہوں نے کراچی دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر سطح پر صدائے احتجاج بلند کرینگے، جب تک کراچی دھرنے کی مطالبات منظور نہیں ہوتے، اسی طرح کے مظاہرے ہر شہر ہر نگر میں جاری رکھیں گے۔ مظاہرین سے خطاب میں ذاکر حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی جنگل کا قانون ہے، چادر چاردیوای کا کوئی تقدس نہیں، وردی میں ملبوس اہلکار بچوں اور عورتوں کے سامنے بے گناہ افراد کو اٹھا کر غائب کردیتے ہیں۔ اس موقع پر آئی ایس او کے ڈویژنل صدر مسلم عباس کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کراچی میں جاری دھرنے کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور حکام بالا سے مطالبہ کرتی ہے کہ ملت جعفریہ کے بےگناہ لاپتہ افراد کو رہا کیا جائے، ورنہ آئی ایس او پاکستان شہر شہر نہ ختم ہونے والے احتجاج کی کال دیگی۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت کے اس غیر آئینی اقدامات کے خلاف سخت نعرہ بازی کی۔


خبر کا کوڈ: 791791

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/791791/1/اسلام-آباد-شیعہ-مسنگ-پرسنز-کی-بازیابی-کیلئے-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org