اسلام ٹائمز۔ عالمی یوم القدس بفرمان امام خمینی (رہ) کی مناسبت سے کراچی میں تحریک آزادی القدس پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام
سی بریز سینٹر تا تبت سینٹر نکالی گئی مرکزی آزادی القدس ریلی میں ہزاروں خواتین اور مردوں سمیت بچوں نے شرکت کی۔ شرکائے القدس ریلی نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی اور غاصب اسرائیل سے نفرت کے اظہار پر مبنی نعرے درج تھے۔ القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے بھی موجود تھے، گرم موسم کے باوجود والدین کے ساتھ ریلی میں شریک ہوکر معصوم کمسن بچوں نے بھی قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی، مقبوضہ فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی کی جدوجہد میں شریک ہونے اور مظلوم فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے عزم کا بھرپور اظہار کیا۔