QR CodeQR Code

پاراچنار، نماز عید الفطر

5 Jun 2019 22:39

پاراچنار شہر سمیت اطراف میں واقع اکثر دیہات میں نماز عید ادا کی گئی، تاہم عید الفطر کا سب بڑا اجتماع پاراچنار شہر میں واقع مرکزی عید گاہ میں ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ ملک کے بیشتر علاقوں کی طرح پاکستان کے سرحدی علاقے پاراچنار میں بھی آج بدھ 5 جون کو عید سعید فطر انتہائی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ پاراچنار شہر سمیت اطراف میں واقع اکثر دیہات میں نماز عید ادا کی گئی، تاہم عید الفطر کا سب بڑا اجتماع پاراچنار شہر میں واقع مرکزی عید گاہ میں ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یہاں نماز عید مرکزی جامع مسجد کے پیش امام علامہ شیخ فدا حسین مظاہری کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ نماز کے بعد عید کا خطبہ دیتے ہوئے علامہ صاحب نے کہا کہ یہ عید مسلمانوں کے لئے کئی لحاظ سے اہمیت کی حامل ہے۔ یہ کہ رمضان کے واجب 30 روزوں کے علاوہ دیگر مستحب اعمال اور عبادات صحت و سلامتی کے ساتھ ادا کرکے اللہ کی بارگاہ میں سرخرو کھڑے ہوکر بطور شکر آج نماز عید ادا کر رہے ہیں۔ دوسری بات یہ اللہ کی طرف سے عمر کی مزید مہلت پا کر اپنی اور اپنے عیال کی جانوں کیلئے زکوٰۃ فطرہ ادا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاراچنار کے دیگر مقامات پر بھی عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔ جن میں قباد شاہ خیل، سمیر، کنج علیزئی، نستی کوٹ، شاخ دولتخیل، شلوزان، پیواڑ، ملانہ، للمئے، بوڑکی، خرلاچی، کچکینہ، علی شاری، کڑمان، مالی خیل، ابراہیم زئی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ قباد شاہ خیل میں تحریک حسینی کے سرپرست اعلیٰ اور سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے نماز عید کی جماعت کرائی، نماز کے بعد خطبہ عید سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید کئی لحاظ سے اہمیت کی حامل ہوتی ہے، ایک تو یہ کہ عید کے موقع پر لوگ ایک جگہ جمع ہوکر آپس میں گلے ملتے ہیں۔
مرکزی عید گاہ میں خطبہ عید الفطر میں علامہ فداحسین مظاہری نے کہا کہ رمضان الکریم کے پہلے روز سے لیکر عید الفطر کے نماز ادا کرنے کے وقت تک ہر لحظہ میں مسلمانوں کیلئے اخوت و بھائی چارے اور امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے عوام سے درمندانہ اپیل کی کہ پیار ومحبت اور اتحاد کی جو فضا ہے، اسے برقرار رکھتے ہوئے اس میں مزید اضافہ کی کوشش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے عید الفطر کے دن غریبوں کا خیال رکھنے کی خاطر زکوٰۃ فطرہ ہر ثروت مند پر فرض کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے علاقے کے عیدالفطر کے موقع شہداء کے یتیموں کا خصوصی خیال رکھیں۔


خبر کا کوڈ: 798053

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/798053/1/پاراچنار-نماز-عید-الفطر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org