0
Wednesday 12 Jun 2019 22:40

تہران میں فلسفہ خودی پر بین الاقوامی سیمینار

اسلام ٹائمز۔ علامہ اقبال نے مشرق کی ترقی و پیشرفت کا جو خواب دیکھا تھا اور اپنے اشعار میں تہران کو مشرق کا جنیوا بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، امت مسلمہ کو اس کی طرف توجہ دینی چاہیئے۔ پاکستان کے سفارت خانے اور ایکو کلچرل انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے تہران میں ایک بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے دانشوروں اور اقبال شناسوں نے شرکت کی، ایکو اور مسلمان ممالک کے سفارتکاروں نے سیمینار میں خصوصی شرکت کی۔ تہران میں تعینات پاکستان کی سفیر محترمہ رفعت مسعود نے افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے ایران میں علامہ اقبال پر انجام دی گئی تحقیقات کو ایرانی قوم کی علامہ اقبال سے محبت کا نتیجہ قرار دیا اور اس کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے علامہ اقبال اور سعدی شیرازی کی اصلاحی شاعری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقبال اور سعدی شیرازی نے قوم کی رہنمائی اور تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ایکو انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر مظاہری نے علامہ اقبال کو زمان و مکان سے مبرا شاعر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب میں علامہ اقبال کی انقلابی شاعری نے نہایت اہم کردار ادا کیا۔ معروف دانشور ڈاکٹر راشد نقوی نے خطے کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چند دن پہلے سعودی عرب میں تین بڑے اجلاس منعقد ہوئے، جن میں خلیج فارس تعاون کونسل، عرب لیگ اور او آئی سی کے  اجلاس شامل ہیں، لیکن ان اجلاسوں کی قراردادوں اور بیانیہ سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ امت مسلمہ کو انہی چیلنجوں کا سامنا ہے، جن کا کئی سال پہلے علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں ذکر کیا تھا۔ ڈاکٹر راشد نقوی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اگر علامہ اقبال زندہ ہوتے تو اس طرح کے اجلاسوں کی مذمت کرتے۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی اور علامہ اقبال کونسل اسلام آباد کے چیئرمین ذوالفقار چیمہ نے علامہ اقبال کی شاعری کو بیداری، حرکت، کوشش اور آگے بڑھنے کی شاعری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال امت مسلمہ کے اتحاد اور مسلمانوں کی ترقی و پیشرفت کے لئے بے تاب نظر آتے ہیں۔ ڈاکٹر ذوالفقار چیمہ نے اپنی انگریزی کی تقریر میں علامہ اقبال کے متعدد اشعار پڑھتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ امت مسلمہ کو آج بھی خودی کے نظریئے کی سخت ضرورت ہے۔ سیمینار سے معروف ایرانی دانشور ڈاکٹر قاسم صافی، ڈاکٹر بقائی ماکان اور یوسف رضائی عارف نے خطاب کیا۔ سیمینار میں علامہ اقبال کی انقلابی و تعمیری شاعری سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
خبر کا کوڈ : 799230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش