QR CodeQR Code

منشیات مخالف مہم

4 Jul 2019 11:08

منشیات مخالف مہم کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے رحمۃ للعالمین فاؤنڈیشن کے چیئرمین شیخ فردوس علی نے کہا کہ سماج میں پھیلی ہوئی منشیات کی خطرناک بیماری پر قابو پانے کے لئے انکی تنظیم ایک دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کے اندر منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر ضلع بانڈی پورہ کے سمبل قصبہ میں ’’منشیات مخالف مہم‘‘ کے موضوع پر ایک پروگرام منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں نشیلی ادویات کی وباء کو ختم کرنے اور اس سے بچنے سے متعلق جانکاری فراہم کی گئی۔ منشیات مخالف اس مہم کا اہتمام رحمۃ للعالمین فاؤنڈیشن نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے کیا تھا۔ وادی کشمیر میں منشیات کی وباء کو ختم کرنے کے لئے بیداری مہم میں کشمیر کے مختلف سماجی کارکنوں، اسکالروں، دانشوروں کے علاوہ اسکولی طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موققہ پر مقررین نے ریاست جموں و کشمیر میں نوجوانوں کے اندر نشیلی ادویات کے استعمال اور بڑھتے ہوئے رحجان پر تشویش کا اظہار کیا اور اس وباء کو جڑ سے ختم کرنے کو وقت کی اشد ضرورت قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ مشنیات پر قابو پانے کے لئے اولین ذمہ داری والدین اور اساتید پر عائد ہوتی ہے۔ منشیات مخالف مہم کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے رحمۃ للعالمین فاؤنڈیشن کے چیئرمین شیخ فردوس علی نے کہا کہ سماج میں پھیلی ہوئی منشیات کی خطرناک بیماری پر قابو پانے کے لئے انکی تنظیم ایک دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہوکر اس وباء پر قابو پانے کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے ہر فرد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے آس پاس کے ماحول کو پاک و صاف رکھیں اور معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں کا قلع قمع کریں۔ اس دوران انہوں نے ان مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ’’منشیات مخالف مہم‘‘ میں سرگرم رول ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 802927

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/802927/1/منشیات-مخالف-مہم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org