QR CodeQR Code

پاراچنار، پی پی امیدوار کی انتخابی مہم

11 Jul 2019 16:13

اپنے خطاب میں پی پی پی کے امیدوار کرنل (ر) جاوید اللہ خان نے کہا کہ انکے منشور میں اولین ترجیح بالش خیل کا مسئلہ ہے۔ منتخب ہونے پر وہ بالش خیل سمیت جملہ متنازعہ زمینوں کے حل کیلئے بھرپور کوششیں کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ پی کے 109 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کرنل (ر) جاوید اللہ خان نے پاراچنار میں ہزارہ محلہ سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ منعقدہ جلسہ میں اہلیان ہزارہ محلہ، قصائی محلہ، نیو آبادی، حسینی محلہ اور دیگر علاقوں سے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جلسے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں ننھی بچیوں نے حمد اور نعت شریف پیش کیں، ہزارہ محلہ کے معزز مشر حاجی اسرار حسین نے کرنل (ر) جاوید اللہ خان اور انکے ساتھیوں اور کارکنوں کو خوش آمدید کہا۔ جلسہ سے ہدایت اللہ خان، ملک وقار خان، سر خادم حسین ہزارہ، حاجی جمیل حسین اور دیگر نے خطاب کیا۔ معروف شاعر سید مہدی شاہ نے اشعار پیش کرکے شرکاء کے جوش و ولولے میں اضافہ کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پی پی پی کے امیدوار کرنل (ر) جاوید اللہ خان نے کہا کہ ان کے منشور میں اولین ترجیح بالش خیل کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔ منتخب ہونے پر وہ بالش خیل سمیت تمام متنازعہ اراضیوں کے حل کیلئے کوششیں کریں گے، جبکہ دوسری اہم ترجیح تعلیم ہے، کیونکہ تعلیم ہی کی بدولت معاشرہ ترقی کے منازل طے کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، صحت کی سہولیات کی فراہمی، پینے کی صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، زراعت کی ترقی کے حوالے سے انقلابی اقدامات اٹھانے کیلئے بھر پور کوششیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر پی پی پی ضلع کرم کے صدر حاجی جمیل حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں قبائلی عوام کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور قبائلی اضلاع خصوصاً پاراچنار میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں، وہ پیپلز پارٹی ہی کی مرہون منت ہیں۔ چنانچہ عوام پی پی پی کے امیدوار کرنل (ر) جاوید اللہ خان کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔ حاجی جمیل حسین نے پرتپاک استقبال پر اہلیان ہزارہ محلہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل سر خادم حسین نے کرنل (ر) جاوید اللہ خان کو کلاہ لنگی پہنائی۔


خبر کا کوڈ: 804298

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/804298/1/پاراچنار-پی-امیدوار-کی-انتخابی-مہم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org