QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، دہشتگردی کے خونی واقعات

21 Jul 2019 11:23

دھماکہ خودکش تھا، جبکہ خودکش حملہ آور خاتون تھی جو پہلے سے ہسپتال کی ایمرجسنی میں موجود تھی۔ خاتون خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء تحویل میں لے لئے گئے ہیں جنہیں فارنزک ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری ارسال کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سول ہسپتال کے ٹراما روم کے قریب خودکش دھماکہ کے نتیجہ میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید جبکہ 17 سے زائد زخمی ہوگئے۔ قبل ازیں ڈی آئی خان کے علاقہ درابن میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجہ میں 2 اہلکار جہانگیر اور انعام جاں بحق ہوگئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً پونے 8 بجے کے قریب درابن روڈ پر واقع کوٹلہ سیدان چیک پوسٹ پر نامعلوم شدت پسندوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ڈیوٹی پر تعینات 2 پولیس اہلکار جہانگیر اور انعام موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے لاشوں کو تحویل میں لے کر سول ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ جاں بحق اہلکاروں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے کچھ دیر بعد ٹراما روم کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں مزید 4 پولیس اہلکار اور 3 شہری شہید جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خودکش تھا، جبکہ خودکش حملہ آور خاتون تھی جو پہلے سے ہسپتال کی ایمرجسنی میں موجود تھی۔ خاتون خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء تحویل میں لے لئے گئے ہیں جنہیں فارنزک ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری ارسال کیا جائے گا۔ دوسری جانب دھماکہ کے بعد قانون نافذ کرنے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے جنہوں نے ہسپتال کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا۔ ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل جہانگیر اور انعام جبکہ دھماکہ میں شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل ہدایت، اسلم، خلیل، کاشف، ضمیر (شہری)، 5 سالہ مریم (شہری) اور ایک نامعلوم شامل ہیں۔ اسی طرح زخمی ہونے والوں میں عدیل، سہیل، حمزہ، ایوب، آصف، ایوب، زین العابدین، اختر، اعجاز، نعیم، عظیم، انور، ثناء اللہ، عابد، فضل رحمٰن، عثمان اور سلیمان شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 806118

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/806118/1/ڈی-آئی-خان-دہشتگردی-کے-خونی-واقعات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org