0
Monday 23 Sep 2019 21:09

لاپتہ افراد کے لواحقین کا وزیر خارجہ کے گھر کے سامنے دھرنا

اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں اور بالخصوص ملتان سے جبری طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کے لئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ احتجاجی دھرنے میں جنوبی پنجاب سے لاپتہ افراد کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے علم حضرت عباس علیہ السلام اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ دھرنے کے شرکاء نے نماز مغربین وزیر خارجہ کے گھر کے باہر ادا کی۔ اس موقع پر سکیورٹی فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ دھرنے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر سے لاپتہ افراد کے لواحقین کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھائے ہوئے وزیر خارجہ پاکستان، حکومت، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپنے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ دھرنے کے شرکاء نے کہا کہ ہم اس ملک کے پرامن اور محب وطن شہری ہیں، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

لاپتہ افراد کے لواحقین کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے بیٹے گناہگار ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ کشمیری مسلمانوں کے لئے انصاف مانگنے والے پہلے اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کریں، ہمیں بتایا جائے کہ ہمارے بیٹوں کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے، اگر ان کا کوئی قصور ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے، نہیں تو انہیں جلد از جلد رہا کیا جائے۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیں، لواحقین کا کہنا تھا کہ وہ اس ملک کے پرامن شہری ہیں اور قیام پاکستان میں ان کے بزرگوں کی قربانیاں ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہیں ان کے محب وطن ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، اگر ہمارے جوانوں کو بازیاب نہ کرایا گیا تو احتجاج کا سلسلہ مزید وسیع کر دیں گے، دھرنا رات گئے تک جاری رہا جبکہ آخر میں ضلعی انتظامیہ اور وزیر خارجہ کے کیمپ آفس میں یادداشت پیش کی گئی۔ دھرنے کے اختتام پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے قرارداد پیش کی گئی، جسے شرکاء نے اپنے نعروں سے منظور کیا۔ اگر اگلے اتوار تک ہمارے لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو اتوار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے مستقل دھرنا دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 817919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش