QR CodeQR Code

چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر

کراچی میں عزاداروں کا سفر عشق، اربعین واک

20 Oct 2019 18:40

ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسینؑ دس دس، پندرہ پندرہ کلومیٹر پیدل سفر کرکے نشترپارک سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس میں شامل ہوئے۔ پیدل سفر کرنے والوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور ننھے بچے بھی شامل تھے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں اربعین حسینیؑ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، کراچی سمیت ملک بھر میں جگہ جگہ قریہ قریہ مجالس و جلوس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ اربعین حسینی کے موقع پر عراق کے شہر نجف اشرف سے کربلا معلیٰ میں چہلم شہدائے کربلا میں شرکت کرنے کیلئے عراق سمیت دنیا بھر سے آئے کروڑوں عزادار قافلوں کی شکل میں 80 کلومیٹر پیدل سفر کرتے ہیں، جسے مشی یا اربعین واک کہا جاتا ہے، اسی طرز پر کراچی میں بھی چہلم شہدائے کربلا کے مرکز جلوس میں شرکت کیلئے شہر کے مختلف علاقوں سے خواتین، مرد بچے بوڑھے عزادار قافلوں کی شکل میں صبح سے پیدل سفر کیا۔ ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسینؑ دس دس، پندرہ پندرہ کلومیٹر پیدل سفر کرکے نشترپارک سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس میں شامل ہوئے۔ پیدل سفر کرنے والوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور ننھے بچے بھی شامل تھے، اسٹیل ٹاؤن، لانڈھی کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی سے آنے والے پیدل عزادار شاہراہ فیصل سے ہوتے ہوئے مرکزی جلوس میں شامل ہوئے، جبکہ گلستان جوہر، گلشن اقبال، ایف سی ایریا، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی سے آنے والے پیدل عزادار شاہراہ پاکستان اور یونیورسٹی روڈ کے راستے سے آتے ہوئے مرکزی جلوس میں شامل ہوئے، اس کے علاوہ بھی مختلف علاقوں سے پیدل عزادار مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے جلوس میں شریک ہوئے۔ مرکزی جلوس میں شرکت کیلئے پیدل سفر کرنے والے عزاداروں کیلئے راستوں میں جگہ جگہ بڑے پیمانے پر سبیلوں، نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا۔ سفر عشق کے موقع پر اربعین واک کے پیچھے گزرگاہوں پر گروپ کی شکل میں عزادار صفائی بھی کرتے ہوئے گزرے۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے نکلنے کے بعد روائتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا۔


خبر کا کوڈ: 823083

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/823083/1/کراچی-میں-عزاداروں-کا-سفر-عشق-اربعین-واک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org