QR CodeQR Code

اربعین 2019ء، موکب پاکستان "خیمہ گاہِ حسینی"

30 Oct 2019 00:13

سفر عشق 2019ء کے عالمی اجتماع کے موقع پر حوزہ علمیہ قم کے طلاب کے ایک گروہ کی جانب سے پول نمبر 364 پر موکب پاکستان خیمہ گاہِ حسینی کا مسلسل تیسرے سال قیام عمل میں لایا گیا، جس میں زائرین کرام کیلئے 13 تا 18 صفر قیام و طعام٬ عزاداری٬ تربیتی پروگرامات اور طبی سہولیات کا اہتمام کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ اربعین حسینی نجف تا کربلا سفر عشق 2019ء کے عالمی اجتماع کے موقع پر حوزہ علمیہ قم کے طلاب کے ایک گروہ کی جانب سے پول نمبر 364 پر موکب پاکستان خیمہ گاہِ حسینی کا مسلسل تیسرے سال قیام عمل میں لایا گیا، جس میں زائرین کرام کیلئے 13 تا 18 صفر قیام و طعام٬ عزاداری٬ تربیتی پروگرامات اور طبی سہولیات کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران پاکستان سے آئے معروف علمائے کرام و خطباء نے مجالس عزا سے خطاب کیا، جس میں مولانا نصرت بخاری، مولانا جان علی شاه کاظمی، مولانا امین شہیدی، مولانا علی افضال رضوی و دیگر شامل تھے، جبکہ شادمان رضا٬ علی صفدر رضوی٬ عاطر حیدر، سبطین غلام حسین سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے منقبت خواں٬ نوحہ خواں اور ماتمی انجمنوں نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی اور بی بی زہراء (س) کو انکے مظلوم لالؑ کا پرسہ دیا۔ موکب میں زیارات و دعاؤں کی تلاوت کا سلسلہ ہر روز جاری رہا، جس میں مولانا جان علی شاہ کاظمی، مولانا علی شاکری اور سبطین غلام حسین نے تلاوت کی۔ موکب میں زائرین کیلئے تینوں نماز کے اوقات میں باجماعت نماز کا قیام کیا گیا، مقصد قیام حسینی اجاگر کرنے اور زائرین کی رہنمائی کیلئے لیکچرز ہوئے اور تبلیغی بروشرز تقسیم کئے گئے۔ شہدائے پاکستان سے تجدید عہد کیلئے شہداء کی تصاویر پر مبنی نمائش بھی لگائی گئی اور مشی کے دوران شہداء کی ہمراہی کرنے کیلئے زائرین میں شہداء کارڈز تقسیم کئے گئے۔ موکب میں صبح٬ دوپہر اور رات کو روزانہ 2000 سے زیادہ زائرین کیلئے نذرِ حسینی کا اہتمام کیا گیا اور پورے دن پاکستانی چائے، شربت اور ریفریشمنٹ سے زائرین کی پذیرائی بھی کی گئی۔ پاکستان بھر سے آئے ہوئے زائرین امام حسینؑ نے، جن میں کئی نامور سیاسی اور سماجی شخصیات شامل تھیں، کثیر تعداد میں موکب خیمہ گاہ حسینی پر قیام کیا اور خادمین زائرین کو اپنی خدمت کا موقع دیا۔ زائرین امام حسینؑ نے موکب خیمہ گاہ حسینی کے انتظامات اور پروگرامات پر بہت اطمینان و خوشی کا اظہار کیا اور انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا۔


خبر کا کوڈ: 824588

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/824588/1/اربعین-2019ء-موکب-پاکستان-خیمہ-گاہ-حسینی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org