0
Friday 1 Nov 2019 10:21

ملتان، آئی ایس او کے زیراہتمام سالانہ ''یوم حسین(ع)'' 

اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان (این ایف سی یونیورسٹی یونٹ) کے زیراہتمام سالانہ "یوم حسین (ع)'' کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اختر علی کارلو تھے، جبکہ تقریب میں معروف عالم دین علامہ محمد امین شہیدی اور آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے اپنے انداز میں سلام، منقبت اور تقاریر کی صورت میں امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت واحدہ کے سربراہ اور معروف عالم دین علامہ محمد امین شہیدی نے امام عالی مقام سیدالشہداء کی زندگی کے مختلف پہلووں کا احاطہ کیا، انہوں نے امام حسین علیہ السلام کے مقصد خروج اور آج ہماری ذمہ داریوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ کربلا ہر زمانے، ہر جنس اور ہر مکتب کے لیے لازوال درسگاہ ہے، جو بھی اس درسگاہ سے وابستہ ہوگیا، وہ کمال حاصل کرگیا، موجود دور میں احیائے کربلا کی اشد ضرورت ہے، نوجوانوں کے اندر پیغام کربلا زندہ رکھنا بہت ضروری ہے، تعلیمی اداروں میں ''یوم حسین علیہ السلام'' جیسی تقاریب نعمت الہیہ ہیں کہ جن کے منعقد ہونے سے بھی حسینیت کو فروغ مل رہا ہے، تقریب سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر قاسم شمسی اور وائس چانسلر ڈاکٹر اختر علی کارلو نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 824998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش