QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس 

1 Feb 2020 18:07

ملتان میں صوبائی شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر مظالم پر عرب ممالک اور اسلامی ممالک کی خاموشی قابل مذمت ہے، جن عرب ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے نام نہاد امن منصوبے کی حمایت کی ہے انہوں نے عالم اسلام کے دل میں خنجر گھونپا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی قریب پہنچ چکی ہے، بھارت میں علیحدگی پسند تحریکیں غیرمعمولی طور پر زور پکڑ رہی ہیں، وہ دن دور نہیں جب دنیا کے نقشے پر بھارت مختلف ریاستوں میں منقسم نظر آئے گا۔ ایم ڈبلیو ایم 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منائے گی، تنظیم کے مرکزی سیکرٹریٹ سمیت ضلعی و صوبائی دفاتر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں صوبائی شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، سلیم عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، مولانا اسلام حسینی، مہر سخاوت علی، علی رضا زیدی، مرزا وجاہت علی، اظہر عباس نقوی اور حسنین نقوی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے باسی نہ کبھی پہلے تنہا تھے اور نہ اب تنہا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر مظالم پر عرب ممالک اور اسلامی ممالک کی خاموشی قابل مذمت ہے، مسئلہ فلسطین کے حوالے سے عرب لیگ اور او آئی سی کا کردار شرمناک ہے، جن عرب ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے نام نہاد امن منصوبے کی حمایت کی ہے انہوں نے عالم اسلام کے دل میں خنجر گھونپا ہے، کاش مسلمان ممالک اپنی غیرت و حمیت کا ثبوت دیتے اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرتے، لیکن بدقسمتی سے یہ عرب حکمران اپنے مفادات کی خاطر امریکی غلامی کررہے ہیں۔ اس موقع پرعلامہ قاضی نادر علوی، زعیم زیدی، حسنین عباس انصاری، انعام حیدر زیدی، رضوان کاظمی اور دیگر موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 842008

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/842008/1/ایم-ڈبلیو-جنوبی-پنجاب-کی-صوبائی-شوری-کا-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org