QR CodeQR Code

ملتان میں ''یوم حسین(ع)'' کی سالانہ تقریب

14 Feb 2020 00:17

نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ''یوم حسین(ع)'' کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ جہاں بھی حسینیت کا بول بالا ہوگا، وہاں مستضعفین جہاں کے حقوق کا تحفظ ہوگا، ہمیں امام حسین کی قربانیوں سے درس لے کر حسینیت کا پرچار کرنا اور اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں اسلام کے راستے پر عمل پیرا ہو کر گزارنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا نے کہا ہے کہ ہر ظالم کی مخالفت اور مظلومین کی حمایت ہی درس کربلا ہے، دنیا کے تمام مظلومین کے حق کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش ہمارے اولین فرائض میں سے ہے، کیونکہ نواسئہ رسول (ص) نے ہمیں یہی درس دیا ہے، کشمیر، فلسطین اور یمن کے مظلومین کے حق میں ہمیں اپنی آواز بلند کرنی چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے اسمبلی ہال میں امامیہ طلباء کی جانب سے 48 ویں سالانہ امام حسین علیہ السلام کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مذہبی اسکالر علامہ علی حسین مدنی نے کہا ہے کہ حسینیت کا راستہ حریت، غیرت اور مظلومین کی حمایت کا راستہ ہے، جہاں بھی حسینیت کا بول بالا ہوگا، وہاں مستضعفین جہاں کے حقوق کا تحفظ ہوگا، ہمیں امام حسین علیہ السلام کی قربانیوں سے درس لے کر حسینیت کا پرچار کرنا چاہیئے، اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں اسلام کے راستے پر عمل پیرا ہو کر گزارنا چاہیئے۔ کانفرنس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عباس نقوی، ڈاکٹر فوزیہ ظفر، ڈاکٹر مسعود الروف ہراج، ڈاکٹر راشد قمر راو، ڈاکٹر سجاد رضا، ڈاکٹر عبدالستار، ڈاکٹر سلیم شیخ، ڈاکٹر مشتاق، ڈاکٹر خالد عثمان، ڈاکٹر موسیٰ کاظم، ڈاکٹر حسن نواز اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس طرح کی محافل کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہیں، جو دین اسلام کی ترویج کرتی اور حقیقی معنوں میں طلباء کو راہ اسلام کی طرف گامزن کرتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 844438

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/844438/1/ملتان-میں-یوم-حسین-ع-کی-سالانہ-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org