0
Friday 6 Mar 2020 22:05

کورونا وائرس کے سبب بھارتی عوام الرٹ

اسلام ٹائمز۔ بھارت میں کورونا وائرس کے تیس سے زائد کیس سامنے آگئے ہیں جس کے بعد نئی دہلی میں پرائمری سطح تک کے اسکول 31 مارچ تک بند کر دیئے گئے ہیں۔ پورے ملک میں الرٹ جاری کیا جاچکا ہے اور بھارت کے 21 ائرپورٹوں پر بیرون ممالک سے آنے والے ہر ایک شخص کی سکریننگ کی جارہی ہے۔ بدھ کی شام ایک نوجوان میں وائرس پھیلنے کی تصدیق ہوگئی تھی جبکہ جمعرات کو غازی آباد میں چھتیس گڑھ کے ایک شخص میں وائرس پایا گیا اس طرح بھارت میں متاثرین کی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے۔ جمعرات تک بھارت میں اٹھائیس ہزار پانچ سو ساٹھ افراد کو طبی زیر نگرانی کے دائرے میں لایا گیا جبکہ 6 لاکھ سے زائد کی سکریننگ کی گئی ہے۔ حکومت نے پہلے ہی چین، اٹلی، ایران، جنوبی کوریا اور جاپان کے ویزے منسوخ کئے ہیں جبکہ چین، ایران، جنوبی کوریا اور اٹلی کا سفر نہ کرنے کی ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ ادھر چین، اٹلی، ایران اور امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3300 سے تجاوزکرچکی ہے جبکہ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 80 ممالک میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ نئی دہلی اور حیدرآباد میں کورونا وائرس سے متاثر 2 افراد کی خبر اور جمعہ کو ان مریضوں کی تعداد 31 ہونے کے  بعد پورے ملک میں کورونا وائرس کے تعلق سے ہائی الرٹ ہے۔ تمام مقامات کے شہری احتیاطی تدابیر کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کررہے ہیں۔ ان میں رکن اسمبلی بھی شامل ہیں، کالج اور اسکول کے طلبہ بھی شامل ہیں۔ پونے کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے ایک علیحدہ وارڈ بنایا گیا ہے۔ ایک تصویر میں جموں و کشمیر میں سیر کے لئے آنے والے جرمنی کے سیاح سے اسپتال انتظامیہ کی ڈاکٹر بات چیت کررہی ہے اور بیماری سے متعلق معلومات حاصل کررہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 848810
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش