QR CodeQR Code

بھارت، مسلم نسل کشی کیخلاف ایم ڈبلیو ایم کا سندھ بھر میں احتجاج

7 Mar 2020 02:52

احتجاجی مظاہروں سے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی بربریت روکنے کیلئے عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، خلیجی ریاستیں اگر بھارت کے ساتھ تجارتی روابط کے خاتمے کا اعلان کریں اور ان کے شہریوں کو ملک بدر کیا جائے، تو چند دنوں میں بھارت پوری دنیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دے گا، عالم اسلام کو بھارتی مسلمانوں کے درد کا ادراک کرنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر کراچی سمیت صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں بھارتی مظالم کے خلاف جمعہ کے روز احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھار رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکا نے بھارتی وزیر اعظم کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور نریندر مودی کا پُتلا بھی نذر آتش کیا۔ ضلع کشمور کندھ کوٹ میں مدرسہ ارشاد الثقلین سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکریٹری جنرل میر فائق علی جکھرانی، صابر حسین کربلائی، لالا شبیر سرور پٹھان، عبداللہ چاچڑ اور جاوید احمد میرانی نے کی۔ ضلع ٹنڈو محمد خان میں جامع مسجد علی (ع) کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ ضلعی سیکریٹری جنرل محب علی بھٹو، محمود الحسن، سجاد علی ڈومکی اور دیگر ضلعی رہنماؤں کے سربراہی میں کیا گیا۔ کراچی میں جامع مسجد خوجا اثناء عشری کھارادر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے علامہ مبشر حسن اور ناصر حسینی نے خطاب کیا اور بھارتی شہر دہلی میں ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام اور املاک کو جلائے جانے کے واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدترین دہشت گردی قرار دیا۔ جیکب آباد میں مرکزی امام بارگاہ سے احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کی قیادت مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی، نذیر حسین دایو، فرزند علی لغاری اورسید اصغر علی شاہ نے کی۔


خبر کا کوڈ: 848862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/848862/1/بھارت-مسلم-نسل-کشی-کیخلاف-ایم-ڈبلیو-کا-سندھ-بھر-میں-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org