QR CodeQR Code

یوم القدس، کراچی میں کشتیوں کی ریلی

21 May 2020 04:54

منوڑا کے ساحل پر شرکائے ریلی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل صدر آئی ایس او کراچی محمد عباس نے کہا کہ یوم القدس یوم اللہ، یوم رسول اللہ، یوم اسلام ہے، یوم القدس عالمی مستکبرین، عالمی استعمار و سامراج کے خلاف مستضعفین جہان کے قیام کا دن ہے، یوم القدس نے مظلوم فلسطینیوں سمیت مستضعفین جہان کو جذبہ حریت عطا کیا۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر کبیر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمیٰ امام سید روح اللہ خمینی (رہ) کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس کی تشہیری مہم کے سلسلے میں کشتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی منوڑا ساحل سے نکالی گئی، جس میں فلسطینی پرچم کے ساتھ کئی کشتیاں شامل تھیں، ریلی مختلف سمندری راستوں سے ہوتے ہوئے منوڑا ساحل پر اختتام پذیر ہوئی۔ کشتی ریلی میں امامیہ اسکاؤٹس کے جوانوں سمیت امامیہ طلباء بھی شریک تھے۔ شرکائے ریلی نے سروں پر سرخ اور سبز پٹیاں باندھ رکھی تھیں جن پر القدس ہمارا ہے درج تھا۔ ریلی میں شریک طلباء قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی جدوجہد میں ہمیشہ شریک رہنے کا عزم کر رہے تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل صدر آئی ایس او کراچی محمد عباس نے کہا کہ یوم القدس یوم اللہ، یوم رسول اللہ، یوم اسلام ہے، یوم القدس عالمی مستکبرین، عالمی استعمار و سامراج کے خلاف مستضعفین جہان کے قیام کا دن ہے، یوم القدس نے مظلوم فلسطینیوں سمیت مستضعفین جہان کو جذبہ حریت عطا کیا۔ محمد عباس کا کہنا تھا کہ عالمی یوم القدس مظلوم فلسطینیوں سمیت دنیا بھر کے تمام مظلوموں کی حمایت اور امریکا و اسرائیل سمیت تمام ظالموں کی مخالفت کا دن ہے، اقوام متحدہ بے گناہ فلسطینیوں کی حمایت پر تو خاموش ہے مگر دوسری جانب ظالم صہیونی اسرائیل کی حمایت اور اس سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، لہٰذا ہم ایسے انسانیت کے غدار اور خائن نام نہاد اقوام متحدہ کو نہیں مانتے۔


خبر کا کوڈ: 863940

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/863940/1/یوم-القدس-کراچی-میں-کشتیوں-کی-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org