0
Saturday 4 Jul 2020 18:15

پشاور، خیبر پختونخوا کا پہلا انسداد کورونا ہسپتال قائم

اسلام ٹائمز۔ صوبے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا وباء کی روک تھام کیلئے پشاور میں پہلی بار انسداد کورونا ہسپتال قائم کر دیا گیا۔ ہسپتال پشاور نشتر آباد میں واقع محکمہ صحت کی سرکاری بلڈنگ میں واقع ہے جو 58 بیڈز پر مشتمل ہوگا جہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کو مفت طبی سہولیات دی جائیں گی۔ انسداد کورونا کا یہ ہسپتال ایک نجی فاؤنڈیشن میڈیکل ایمرجنسی ریزیلئینس فاؤنڈیشن (مرف) کے زیراہتمام خیراتی ادارے آئی آر سی اور ایکو کے تعاون سے تیار کیا گیا جس کا عنقریب صوبائی حکومت افتتاح کرے گی۔ میڈیکل ایمرجنسی ریزیلیئنس فاؤنڈیشن کے ریجنل منیجر ندیم کے مطابق ہسپتال میں مریضوں کو طبی امداد دینے کیلئے 12 میڈیکل سرجن، 6 وینٹی لیٹرز، 5 آئی سی یو وارڈز ہوں گے، جبکہ اس کے علاوہ ہسپتال میں ایڈمٹ متاثرہ مریض کے دیگر اخراجات بھی مرف ہی اٹھائے گی۔ اس ہسپتال سے متعلق صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں پہلی دفعہ قائم کئے گئے انسداد کورونا ہسپتال کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی، حکومت نے مذکورہ ہسپتال کیلئے سرکاری عمارت دی ہے، جبکہ اس کے علاوہ اسی ہسپتال کو حکومت کے تعاون سے ماہ اگست سے پہلے مزید سہولیات سے آراستہ کرکے ایک ہزار سے زائد بیڈز مہیا کریں گے۔ یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے شعبہ صحت کیلئے 124 ارب روپے مختص کئے ہیں، جبکہ کورونا کی وباء کیلئے 24 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں کورونا سے اب تک 27 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں جن میں 14 ہزار سے زائد صحتیاب ہوگئے ہیں، جبکہ 900 سے زائد لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 872492
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش