QR CodeQR Code

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کی احتجاجی ریلی

5 Sep 2020 00:25

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اور رسول اللہ کے گستاخانہ خاکے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، بدقسمتی کیساتھ مسلمانوں کو داخلی انتشار میں الجھا کر عالمی سطح پر اسلام کیخلاف سازشیں جاری ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فرانسیسی جریدے میں خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور سویڈن میں قرآن پاک جلائے جانے کے روح فرسا واقعات کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماں سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ روز حرمت قرآن و ناموس رسالت کے عنوان سے ہونے والے احتجاج کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن میں اسلام دشمن صیہونی و نصرانی قوتوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے عالم استعماری و طاغوتی طاقتوں کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی لگائے اور گستاخی کے مرتکب افراد کے خلاف ان کی حکومتوں سے عالمی قانون کے تحت سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر یورپی ممالک کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی اور رسول اللہ کے گستاخانہ خاکے بنا کر اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ آزادی اظہار رائے کے نام پر دیگر مذاہب کے مقدسات کی توہین اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت پاکستان فوری طور پر سوئیڈن اور فرانس کی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرے۔ رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ یہود و ہنود عالم اسلام کے ازلی دشمن ہیں۔ قرآن اور رسول اللہ کی توہین ناقابل برداشت ہے، بدقسمتی کے ساتھ مسلمانوں کو داخلی انتشار میں الجھا کر عالمی سطح پر اسلام کے خلاف سازشیں جاری ہیں۔ یہ ملک امن کا گہوارہ ہے، ہمیں اپنی صفوں میں ماضی کی نسبت آج اتحاد کی زیادہ ضرورت ہے۔ ریلی سے علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا عمران ظفر اور مولانا غلام جعفر انصاری نے خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر مہر سخاوت علی، فخر نسیم، مظہر عباس کات، ندیم عباس کاظمی، تصور شاہ، محمد رضا مومن اور دیگر بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 884333

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/884333/1/ملتان-ایم-ڈبلیو-کی-احتجاجی-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org