QR CodeQR Code

پاراچنار میں طلبہ کا احتجاج

21 Sep 2020 22:53

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید شمیم، علی رضا، فہیم علی اور دیگر طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہوگیا ہے اور طلبہ پڑھائی سے محروم رہ گئے ہیں، اس وجہ سے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی فیسیں مکمل طور پر معاف کی جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار پریس کلب کے سامنے پرائیویٹ سکولوں کے طلبہ فیسوں کی ادائیگی کے خلاف اپنے سکول مالکان کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ پاراچنار کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے پریس کلب پاراچنار پہنچے، جہاں پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید شمیم، علی رضا، فہیم علی اور دیگر طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہوگیا ہے اور طلبہ پڑھائی سے محروم رہ گئے ہیں، اس وجہ سے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی فیسیں مکمل طور پر معاف کی جائیں۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ سکولوں کی بھاری فیس برداشت نہیں کر سکتے اور غریب لوگوں کیلئے بھاری فیسیں ذہنی پریشانی کا باعث ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما جمیل طوری اور سماجی رہنما علی جواد نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث معمولات زندگی بری طرح سے مفلوج ہوئے ہیں۔ بیشتر طلبہ کے والدین پرائیویٹ اداروں میں مزدوری کرتے تھے، انہیں بھی اس دوران کسی قسم کی تنخواہیں یا حکومتی امدادی پیکج نہیں ملے ہیں، جس کے باعث وہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی بھاری فیسیں برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے حکومت سے اس حوالے سے اقدامات اٹھانے اور طلبہ کو ذہنی اذیت سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 887620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/887620/1/پاراچنار-میں-طلبہ-کا-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org