QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، سانحہ اے پی ایس کی یاد میں تقریب

16 Dec 2020 20:41

سرکٹ ہاؤس ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہونیوالی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ جبکہ ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ یسٰین فاروق، اسٹیشن کمانڈر برگیڈیئر قاسم شہزاد، ضلعی پولیس آفیسر ڈیرہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ و دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کو سلام پیش کرنے اور متاثرہ خانوادوں سے اظہار یک جہتی کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سرکٹ ہاؤس ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ جبکہ ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ یسین فاروق، اسٹیشن کمانڈر برگیڈیئر قاسم شہزاد، ضلعی پولیس آفیسر ڈیرہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ و دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈیرہ کے مختلف اسکول سے طلباء و طلبات نے اپنے اپنے انداز میں سانحہ آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور اس کی مثال سانحہ آرمی پبلک سکول ہے۔

دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پوری قوم متحد اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ دہشت گردوں نے اس ملک کی سلامتی کو تباہ کرنے اور اس ملک کا امن تباہ کرنے کی غرض سے کئی بے قصور لوگوں کو شہید کیا اور ملک پاکستان میں انتشار و فساد برپا کرنے کے لیے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے لیکن پاک فوج، پولیس اور ملک کی غیور عوام کی بے پناہ قربانیوں کے باعث دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا گیا اور ان شاء اللہ اسی بہادری، جرات اور اتحاد کے ساتھ مزید مٹھی بھر دہشت گردوں کا بھی قلع قمع کر کے اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 904161

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/904161/1/ڈی-ا-ئی-خان-سانحہ-اے-پی-ایس-کی-یاد-میں-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org