0
Wednesday 27 Jan 2021 22:44

شام، قابض امریکی و تُرک افواج کیخلاف شامی عوام کا وسیع احتجاج

اسلام ٹائمز۔ شام کے شمالی شہروں الحسکہ و قامشلی کے رہائشی شہریوں کی جانب سے ملکی سرزمین پر امریکہ و ترکی کے غیر قانونی قبضے اور ملکی سرحدی محاصرے کے خلاف وسیع احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے۔ شامی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق الحسکہ اور قامشلی میں ہونے والے عوامی مظاہروں میں امریکہ اور اس کی حلیف قابض فورسز کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی۔ شامی مظاہرین نے امریکہ کی جانب سے کئے گئے ناجائز قبضے کے فی الفور خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے قابض فورسز کی جانب سے شامی شہری آبادیوں کے مجرمانہ محاصرے، ملک میں غذائی سازوسامان کی ترسیل میں رکاوٹ، عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم کے روک دیئے جانے اور سکولوں و کالجوں سمیت تمام تعلیمی اداروں کے بند کر دیئے جانے کی شدید مذمت کی۔ اس دوران احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ و ترکی کی فورسز کی جانب سے شامی سرزمین پر غیر قانونی قبضے کے خلاف نعرے درج تھے۔ واضح رہے کہ الحسکہ و قامشلی تاحال امریکی حلیف کُرد فورسز کے قبضے میں ہیں جو ان علاقوں میں عام طور پر بشار الاسد حکومت کے حق میں ہونے والے عوامی مظاہروں پر اندھا دھند فائر کھول دیتی ہیں تاہم اس مظاہرے کے حوالے سے ایسی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 912753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش